سپریم جوڈیشل کونسل میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت ایک اور جج کے خلاف شکایت دائر

 

 

 

 

لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس عبہر گل خان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت دائر کردی گئی، شکایت میں دونوں ججز کی تعلیمی قابلیت،اہلیت اور انتظامی امور میں کردار پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

 

سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس عبہر گل خان بطور جج اپنے عہدوں پر فائز رہنے کے اہل نہیں،لہٰذا سپریم جوڈیشل کونسل دونوں ججز کی تعلیمی اسناد اور مجموعی اہلیت کا تفصیلی جائزہ لے۔

دائر شکایت کے مطابق جسٹس عبہر گل خان کی تعلیمی ڈگری درست نہیں،اس لیے ان کا مکمل تعلیمی ریکارڈ طلب کرکے جانچ پڑتال کی جائے،خصوصاً بطور مستقل جج کنفرم کیے جانے سے قبل ان کی ڈگریوں کی تصدیق کی جائے۔

شکایت میں الزام عائد کیاگیا ہےکہ لاہور میں خواتین ڈسٹرکٹ ججز کو دانستہ طور پر ٹارگٹ کیا جارہا ہے اور انہیں دور دراز علاقوں میں ٹرانسفر کیا جارہا ہے،جس سے ان کی ذاتی اور خاندانی زندگی شدید متاثر ہورہی ہے۔

دائر شکایت میں جسٹس عالیہ نیلم پر ضلعی عدالتوں کے معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیاگیا ہےکہ ان کے کردار کا بھی باقاعدہ جائزہ لیا جائے۔

یہ شکایت متاثرہ خواتین ججز اور دیگر جوڈیشل افسران کے والدین کی جانب سے دائر کی گئی ہے،تاہم انہوں نے تحفظ کےخدشات کے باعث فی الحال اپنے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

دائر شکایت میں سپریم جوڈیشل کونسل سے مطالبہ کیاگیا ہےکہ اگر الزامات درست ثابت ہوں تو چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس ابہر گل خان کو ان کے عہدوں سے برخاست کیا جائے تاکہ عدالتی نظام پر عوام کا اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔

 

 

 

Back to top button