سکینڈل کوئین میرا بالآخر وطن واپس پہنچ گئیں

اپنے متنازع بیانات اور گلابی انگلش کی وجہ سے خبروں کی زینت بننے والی سکینڈل کوئین میرا کی دعائیں بالآخر رنگ لے آئیں۔ کرونا وباء کے دوران امریکہ میں پھنس جانے والی فلمسٹار میرا پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہچ گئیں۔ وطن واپس پہنچتے ہی انھوں نے حکومت کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔
یاد رہے کہ اپریل کے آخری ہفتے میں میرا کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا تھا جس میں وہ نم آنکھوں اور گداز آواز میں سے وزیر اعظم عمران خان سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کی تھی کہ وہ کرونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے امریکا میں پھنس گئی ہیں اور پروازوں کی معطلی کے باعث پاکستان واپس نہیں آسکتیں، جس کے بعد اداکارہ نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی واپسی کے انتظامات کئے جائیں کیونکہ وہ دیار غیر میں نہیں مرنا چاہتیں۔ میرا کے ویڈیو پیغام کے بعد انھیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور میرا کی اپیل کو ان کے خبروں میں ان رہنے کا ایک حربہ قرار دیا گیا تھا۔ تاہم اب تازہ اطلاعات یہ ہیں کہ میرا پاکستان واپس آچکی ہیں اور انہوں نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے۔سوشل میڈیا پر جاری اپنی ویڈیو میں میرا نے امریکا میں موجود پاکستانی سفارت خانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ عوام سے درخواست کی کہ حکومت کے خلاف بات کرنے سے قبل لوگ دیکھیں کہ وہ اپنے عوام کی مدد کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق میرا پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان واپس پہنچی ہیں
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ میرا نے ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ انہیں وطن واپس لایا جائے کیوںکہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے نیویارک میں مرنا نہیں چاہتی۔ اپنی ویڈیو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’نیویارک ایک قبرستان بنتا جارہا ہے، ہر روز ہزاروں کی تعداد میں اموات ہورہی ہیں، موت سب کو آنی ہے لیکن میں کسی غیر ملک میں مرنا نہیں چاہتی‘۔ انہوں نے عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’وزیر اعظم صاحب آپ نے ہمیشہ ہم فنکاروں کا ساتھ دیا ہے، دنیا بھر کے ممالک اپنے شہریوں کو وطن واپس لے جارہے ہیں، میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتی ہوں کہ میری وطن واپسی کے انتظامات کیے جائیں، میں اپنے وطن آکر مرنا چاہتی ہوں‘۔
میرا نے اپنی ویڈیو میں یہ بھی کہا تھا کہ ’میں نیویارک کے ایک ہوٹل میں قید ہوں، میں ہمایوں سعید اور دیگر فنکاروں کے ہمراہ شوز کے سلسلے میں اور فلم کی شوٹنگ کے لیے یہاں آئی تھی، وہ سب واپس وطن جاچکے ہیں اور میں یہاں پھنس گئی ہوں‘۔
جس کے بعد اداکارہ کے حوالے سے یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ وہ جھوٹ بول رہی ہیں اور امریکا میں موجود اپنے سسرال میں حفاظت سے ہیں۔ بعدازاں میرا نے ان خبروں کو بھی بےبنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’خدایا یہ وقت کسی کا مذاق اڑانے یا جذبات سے کھیلنے کا نہیں‘۔
یاد رہے کہ امریکہ میں قیام کے دوران میرا کی طرف سے وقتا فوقتا ویڈیوزسامنے آتی رہی تھیں۔ کبھی وہ اپنی ویڈیواز میں ہاتھ دھونے کا طریقہ بتا رہی ہوتی تھیں تو کبھی وائٹ ہاؤس کے سامنے جاگنگ کرتے نظر آتی رہیں۔ میرا نے امریکہ میں قیام کے دوران کرونا کی صورتحال بارے لائیو رپورٹنگ بھی کی۔ اداکارہ میرا نے کرونا وائرس کے حوالے سے ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی تھی۔ مختصر ویڈیو میں اداکارہ نے انگریزی میں لوگوں کو انتہائی سنجیدہ لہجے میں بتایا تھا کہ دراصل کرونا وائرس ایک وائرس ہے۔ اداکارہ نے مزید بتایا تھا کہ پھر مذکورہ وائرس آگے چل کر ایک وبا بنا اور ساتھ ہی انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ کورونا وائرس دراصل چین کے بازار سے ناقص خوراک سے شروع ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button