سہیل آفریدی کو دورہ سندھ میں سیاسی سرگرمیوں کی آزادی ہوگی : شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو دورہ سندھ کے دوران مکمل سکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کیا جائے گا اور انہیں سندھ میں سیاسی و سرکاری سرگرمیاں انجام دینے کی مکمل آزادی حاصل ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتِ سندھ جمہوری اقدار پر مکمل یقین رکھتی ہےاور صوبے میں فری موومنٹ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ حکومت سندھ کا مؤقف یہ ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنے دورے کے پروگرام سے آگاہ کریں، اگر انہیں کسی جلسے یا تقریب کے لیے گراؤنڈ درکار ہوگا تو حکومتِ سندھ وہ بھی فراہم کرےگی تاہم اس بات کو یقینی بنایا جائےگا کہ کوئی سرگرمی قانون کی خلاف ورزی یا عوام کےلیے تکلیف کا باعث نہ بنے۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی کراچی آمد پر سعید غنی کا پرتپاک استقبال
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت قانون کے دائرے میں رہتےہوئے ہرممکن سہولت فراہم کرنے کےلیے تیار ہے۔پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے درمیان نظریاتی اور سیاسی اختلافات اپنی جگہ موجود ہیں تاہم جمہوری معاشروں میں اختلاف رائے اور تنقید کو برداشت کیا جاتاہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہاکہ اگر پی ٹی آئی تنقید کرتی ہے تو اسے اس کا حق حاصل ہے اور پیپلزپارٹی بھی سیاسی انداز میں اس کا جواب دینےکا حق رکھتی ہے۔عمران خان کے دورحکومت میں صورت حال مختلف تھی،جب کسی ٹاک شو میں عمران خان پر تنقید کی جاتی تھی تو اگلے روز نیب کے نوٹسز اور گرفتاریاں سامنے آجاتی تھیں۔سندھ میں ایسا طرزعمل اختیار نہیں کیا جائےگا اور تنقید کو سیاسی اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے برداشت کیا جائے گا۔
