تحریک انصاف نے سیالکوٹ کی نشست ن لیگ سے چھین لی

پی پی 38 سیالکوٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کو شکست دے دی۔
سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 38 کی نشست پر ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے میدان مار لیا اور مسلم لیگ (ن) سے سیٹ چھین لی۔
حلقے میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ووٹنگ سے قبل بارش کے باعث بعض مقامات پر عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس سے پولنگ کا عمل متاثر بھی ہوا۔
حلقے کے تمام 165 پولنگ اسٹیشنز سے موصولہ نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار احسن سلیم بریار 60588 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار طارق سبحانی نے 53471 ووٹ حاصل کیے۔غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار نے لیگی امیدوار کو 7117 ووٹوں سے شکست دی۔

پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی کارکنوں نے خوب جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا جبکہ خوشی میں مٹھائیاں بھی بانٹی گئیں۔
پی ٹی آئی امیدوار کی جیت پر خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوام نے قومی خزانہ لوٹنے والوں کو مسترد کر دیا ہے۔ سیالکوٹ میں ضمنی الیکشن پرامن بنانے کا سہرا حکومت اور پی ٹی آئی قیادت کے سر جاتا ہے۔ عوام وزیراعظم عمران خان کے نظریے کی بھرپور تائید کر رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی امیدوار نے سات ہزار 117 ووٹوں کی لیڈ سے فتح حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ میرے کارکنوں کو (ن) لیگ نے نوٹوں سے خریدنے کی کوشش کی۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے نوٹ کے بجائے ووٹ کوعزت دی۔ سیالکوٹ کے پرامن انتخاب نے مخالفین کے دعوؤں کو غلط ثابت کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے کسی صوبائی وزیر یا عہدیدار کو حلقے میں نہیں دیکھا گیا، یہ ہے وہ تبدیلی اور نظام کو بدلنے کا عزم، میڈیا کی آنکھ گواہ ہے کہ ہمارے مخالفین نے الیکشن کمیشن قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔ وزیراعظم کی واضح ہدایت تھی کہ الیکشن قوانین کی پاسداری کرنی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے خدمت، شرافت اور شفافیت کی سیاست کو کامیاب کرایا۔عثمان بزدار نے کہا کہ پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد کے اظہار پر سیالکوٹ کے عوام خصوصاً پی پی 38 کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی نے مخالف جماعت کی نشست جیت کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں صرف دیانتداری کی ہی سیاست چلے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مخالف جماعت کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ منہ کے بل جا گرا ہے۔ اس شاندار کامیابی پر اللہ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار کی کامیابی موجودہ حکومت کے عوام دوست ایجنڈے کی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام نے کرپٹ ٹولے کی منفی سیاست کو دفن کر دیا ہے۔ نتیجہ نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام تحریک انصاف کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ ثابت ہو گیا ہے کہ عوام شفاف اور عوام کی خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی اب تک کی شاندار کارکردگی کی بدولت سیالکوٹ کے عوام نے سرخرو کیا ہے۔ کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔ امید ہے کہ احسن سلیم بریار حلقے کے عوام کی نمائندگی کا بھرپور حق ادا کریں گے۔ سیالکوٹ الیکشن میں شفافیت کا بول بالا ہوا ہے۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی واضح اکثریت سے الیکشن جیت چکی ہے، کشمیر کے بعد سیالکوٹ نے بھی ن لیگ کے بیانیے کو دفن کردیا۔
واضح رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے چوہدری خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
پی پی 38 سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی شکست پر نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیا گیا۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہار اور جیت کا پتہ تب چلے گا جب الیکشن ہونگے، سلیکشن میں ہار جیت نہیں ہوتی، عوام کی بد دعائیں سمیٹنے والی ایک پیج والی حکومت کو عوام سے ووٹ کی توقع نہیں اسلیئے یہ سلیکشن پر مجبور ہیں، شیروں کے حوصلے بلند ہیں انشاءاللّہ ووٹ کو عزت مل کر رہے گی اور جلد
ہار اور جیت کا پتہ تب چلے گا جب الیکشن ہونگے۔سلیکشن میں ہار جیت نہیں ہوتی۔
عوام کی بد دعائیں سمیٹنے والی ایک پیج والی حکومت کو عوام سے ووٹ کی توقع نہیں اسلیئے یہ سلیکشن پر مجبور ہیں۔
شیروں کے حوصلے بلند ہیں۔ انشاءاللّہ ووٹ کو عزت مل کر رہے گی اور جلد 🙌— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) July 28, 2021
