سیریل کلر جاوید اقبال پر فلم: یاسر حسین قاتل بنیں گے

لاہور کے بدنام زمانہ سیریل کلر جاوید اقبال کی زندگی پر بنائی جانے والی اردو فلم میں اداکار یاسر حسین بچوں کے قاتل کا کردار ادا کریں گے جبکہ عائشہ عمر تحقیقاتی جرنلسٹ کا کردار ادا کریں گی۔ یاسر حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی آنے والی فلم کا پہلا پوسٹر شیئر کیا ہے اور پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ‘جاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر’ جلد آرہی ہے۔

اس سے پہلے اداکارہ عائشہ عمر نے تصدیق کی تھی کہ وہ اور یاسر حسین جلد ابو علیحہ کی ہارر فلم میں دکھائی دیں گی۔ عائشہ عمر نے بتایا تھا کہ وہ اور یاسر حسین، لاہور کے بدنام زمانہ سیریل کلر جاوید اقبال کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔ اداکارہ نے بتایا تھا کہ فلم کی ہدایات اور کہانی ابو علیحہ نے لکھی ہے اور جلد ہی اس کی شوٹنگ بھی شروع کردی جائے گی۔ خیال رہے کہ جاوید اقبال مغل 100 بچوں کے قتل اور انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مجرم تھا۔ 1999 میں جاوید اقبال نے پولیس کو ایک خط لکھا تھا جس میں اس نے 100 بچوں کے قتل کا اعتراف کیا تھا جن کی عمریں 6 سے 16 سال کے درمیان تھیں، اس نے یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ اس نے ان بچوں کو گلا گھونٹ کر مارا اور ان کے جسم کے کئی ٹکڑے کرنے کے بعد تیزاب میں ڈال کر پگھلا دیے تھے۔

جاوید اقبال کی گرفتاری کے بعد کیس چلا اور عدالت نے 16مارچ 2000 کو اسے سو مرتبہ سزائے موت سنائی اور اس کی لاش کے سو ٹکٹرے کرکے تیزاب میں تحلیل کرنے کا حکم دیا۔ لاہور کی عدالت نے دوسرے شریک ملزم شہزاد عرف گڈد کو 98 مرتبہ پھانسی دینے اور اسکی لاش کے 98 ٹکٹرے کرکے اس کو تیزاب میں تحلیل کرنے کی سزا سنائی جبکہ ندیم کو 273 اورصابر کو 63 برس قید اور دیت کی سزا سنائی تھی۔ تاہم جاوید اقبال اور شہزاد عرف گڈو نے سزا کے خلاف اپنی اپیلوں کی سماعت کے دوران جیل میں پھانسی کے کر خودکشی کرلی تھی۔ یہ بھی الزام لگا تھا کہ جاوید اقبال نے خودکشی نہیں کی تھی بلکہ پولیس نے انہیں قتل کیا تھا۔ تاہم اب جاوید اقبال کی زندگی اور اس کے جرائم پر ایک اردو فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں جاوید اقبال کا کردار یاسر حسین ادا کریں گے۔

Back to top button