سیف اور کرینہ کے دوسرے بیٹے کا نام جہانگیر خان ہے

معروف بالی ووڈ جوڑی سیف علی خان اور کرینہ کپور کے سب سے چھوٹے بیٹے کا نام منظر عام پر آ گیا ہے ، بھارتی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ سٹارز نے اپنے بیٹے کا نام جہانگیر خان رکھا ہے ۔جوڑے کے ہاں رواں برس فروری میں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی اور تاحال انہوں نے بیٹے کے نام کا اعلان نہیں کیا تاہم اب ایک بھارتی شوبز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے دوسرے بیٹے کے نام ‘جہانگیرخان’ ہے۔ کرینہ کپور نے اپنی کتاب ’کرینہ کپور خانز، پریگننسی بائبل‘ میں دوسرے بیٹے کا نام ‘جہانگیرخان’ لکھا ہے۔رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے اپنی کتاب میں تصاویر کے کیپشن میں دوسرے بیٹے کا نام کہیں ’جے‘ (Jeh) تو کہیں ‘جہانگیرخان’ لکھا ہے۔

جوڑے کو تیمور علی خان کے نام پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ میں دلیل دی گئی کہ تصاویر کے کیپشن میں ‘جہانگیرخان’ کا نام لکھنے سے واضح ہوتا ہے کہ ان کے دوسرے بیٹے کا یہی نام ہے تاہم اس حوالے سے کرینہ کپور اور سیف علی خان نے تاحال کوئی وضاحت نہیں کی اور اس سے قبل گزشتہ ماہ جولائی کے آغاز میں بھارتی میڈیا نے ذرائع سے بتایا تھا کہ جوڑے نے تنقید سے بچنے کے لیے دوسرے بیٹے کا نام ’جے‘ (Jeh) رکھا ہے۔بالی وڈ ہنگامہ کی جانب سے جوڑے کے دوسرے بیٹے کے نام سے متعلق دعوے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث دیکھی گئی۔

جوڑے نے تاحال دوسرے بچے کی تصویر بھی شیئر نہیں کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اس سے قبل دونوں پر پہلے بیٹے کا نام ’تیمور خان‘ رکھنے پر بھی تنقید کی گئی تھی کیوں کہ مذکورہ نام مسلمان بادشاہ تیمور لنگ سے ملتا جلتا ہے۔جہانگیر خان بھی اگرچہ مسلمانوں میں عام نام ہے مگر اسی نام کے ایک مغل بادشاہ بھی تھے اور اسی وجہ سے جوڑے پر تنقید کی جا رہی ہے۔دونوں نے 2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کو شادی پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، کیوں کہ سیف علی خان مسلمان اور کرینہ کپور ہندو ہیں۔ان کی شادی کے بعد یہ چہ مگوئیاں بھی ہوئی تھیں کہ کرینہ کپور نے مذہب تبدیل کیا ہے، تاہم آج تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

Back to top button