سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کی ہالی ووڈ میں انٹری

گزشتہ برس سینئر اداکار منظر صہبائی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستان کی سینئر اداکارہ ثمینہ احمد ہالی وڈ میں انٹری دینے کےلیے تیار ہیں۔
گزشتہ روز انسٹاگرام پر اداکار منظر صہبائی نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے مداحوں کو کورونا ویکسین لگوانے سے متعلق اطلاع دی اور مداحوں پر بھی ویکسین لگوانے کےلیے زور دیا۔ منظر صہبائی کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے روبینہ جاوید نامی صارف کی جانب سے پوچھا گیا کہ ثمینہ جی کہاں ہیں؟ روبینہ جاوید کے سوال پر منظر صہبائی نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ثمینہ ہالی وڈ سیریل کی شوٹنگ کےلیے تھائی لینڈ میں ہیں اور 6 مئی کو واپس آئیں گی۔
خیال رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار جوڑی گزشتہ برس 4 اپریل کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھی۔ مشہور و معروف ادکارہ، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ثمینہ احمد پاکستان کے متعدد مشہور ڈراموں میں کام کر چکی ہیں، ثمینہ احمد کے فن کے اعتراف میں حکومت پاکستان انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی بھی عطا کر چکی ہے۔
