سینیٹ انتخابات: سندھ سے پی ٹی آئی کے کسی رکن نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے

الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اپنے تمام امیدواوں کے ناموں کا اعلان کردینے کے باوجود اتوار تک سندھ سے کسی پی ٹی آئی رکن نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔
اتوار کے روز مزید 22 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن میں جمع کروائے جس کے بعد اب تک کاغذات نامزدگی جمع کروانے والوں کی مجموعی تعداد 100 ہوگئی ہے جب کہ پیر کا روز کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آخری دن ہے۔ پارٹی کے اندر اختلافات کی رپورٹس کے دوران پی ٹی آئی چاروں صوبوں اور اسلام آباد سے اپنے 20 اراکین کے ناموں کا اعلان کرچکی ہے، سندھ سے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واڈا کو عام نشست جب کہ سیف اللہ ابڑو کو ٹیکنوکریٹ نشست پر ٹکٹ دیا گیا تاہم دونوں نے بھی تک کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔ فیصل واڈا اس وقت کراچی کے حلقے این اے-249 سے رکن قومی اسمبلی ہیں لیکن جولائی 2018 میں ہوئے عام انتخابات میں حصہ لیتے وقت دوہری شہریت چھپانے پر ان کے خلاف نااہلی کا کیس الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے۔ گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی سماعت سے غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بار بار سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کرنے پر انہیں 50 ہزار روپے کا جرمانہ کردیا تھا۔ کمیشن نے آئندہ سماعت 24 فروری کو مقرر کی تھی جس میں فیصل واڈا کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔ ہفتے کے روز وزیراعظم کی سربراہی میں پی ٹی آئی کےپارلیمانی بورڈ نے بلوچستان میں بزنس ٹائیکون عبد القادر کو دیا گیا ٹکٹ صوبائی قایدت کی سخت مخالفت پر واپس لے کر پارٹی کے رکن ظہور آغا کو دیا تھا۔ اسی قسم کے اختلافات پی ٹی آئی اسلام آباد میں پائے گئے تھے جہاں پارٹی رضاکار اور کارکنان وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ٹکٹ دینے پر نالاں ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button