شائستہ بانو کو مسابقتی کمیشن پاکستان کا قائم مقام چیئرپرسن مقرر کردیا گیا

وفاقی حکومت نے شائستہ بانو گیلانی کو مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی) کی قائم مقام چیئرپرسن تعینات کردیا۔
وفاقی کابینہ کے 28 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں قائم مقام چارج کی بنیاد پر شائستہ بانو کی تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی جس کا نوٹی فکیشن محکمہ خزانہ نے 4 مئی کو جاری کیا۔
شائستہ بانو گیلانی نے یونیورسٹی آف لندن کے کنگ کالج سے معاشیات برائے مسابقتی قانون میں ماسٹرز کی ڈگری اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے فنانس میں ماسٹرز ان بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ وہ 2006 سے برطانیہ کی ایسوسی ایٹ چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤننٹ بھی ہیں۔
انہوں نے 2007 تک سکیورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن پاکستان بحیثیت ڈپٹی رجسٹرار کمنپنز کام کیا اور پھر اسی برس مسابقتی کمیشن پاکستان میں شمولیت اختیار کرلی۔ سی سی پی میں بحیثیت ڈائریکٹر جنرل آف کارٹلز اینڈ ٹریڈ ابیوز انہوں نےمتعدد اہم تحقیقات، معائنوں کی سربراہی کی۔
اس کے علاوہ وسیع تر صنعتوں اور معاشی شعبوں مثلاً ٹیلی کمیونکیشنز، الیکٹرونک میڈیا، بجلی کی پیداوار اور ترسیل، ایل پی جی، سی این جی، چینی، سیمنٹ، اسٹاک ایکسچینج اور پٹ سن کے کارخانوں سے متعلق متعدد انکوائری رپورٹس بھی تحریر کیں۔ ان تحقیقات، تفتیشوں اور انکوائری رپورٹس کے نتیجے میں بڑے کارٹلز اور استحصال کے طریقوں سے پردہ اٹھا تھا۔
اپریل 2019 میں انہیں مسابقتی کمیشن پاکستان کا رکن تعینات کیا گیا تھا۔
