شائستہ لودھی 4 سال بعد اسکرین پر واپسی کے لیے تیار

دوسری شادی کے بعد شوبز کو چمکتی ہوئی دنیا قرار دے کر غیر اعلانیہ طور پر اسے خیرباد کہہ دینے والی ڈاکٹر شائستہ لودھی ڈرامہ سیریل ’پردیس‘ کے ذریعے ہمایوں سعید کے اصرار پر شوبز میں واپس آرہی ہیں۔ ان کہی فیم والی اداکارہ مرینہ خان کی ہدایت کاری میں بننے والا میگا سیریل جلد ہی ریلیز کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ شائستہ لودھی آخری بار ڈرامہ سیریل ’خان‘ میں دکھائی دی تھیں، یہ ڈرامہ 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا۔ اس ڈرامے سے قبل ہی شائستہ لودھی شوبز کی دنیا سے دور ہوگئی تھیں اور غیر اعلانیہ طور پر شوبز کو خیرباد کہا تھا، تاہم وہ مختلف تقریبات میں دکھائی دیتی رہی تھیں۔ دو سال قبل 2019 میں انہوں نے ثمینہ پیرزادہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شوبز کو چمکتی ہوئی دنیا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں آنے کے دو سال بعد ہی انہیں یہ احساس ہوگیا تھا کہ وہ غلط جگہ پر آ گئی ہیں اور یہ دنیا صرف چمک کی دنیا ہے، جہاں ہر چیز مصنوعی ہے۔ انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ شوبز مصروفیات کی وجہ سے وہ اپنے خاندان کو مناسب وقت نہیں دے پا رہی تھیں اور ان کی ذاتی زندگی متاثر ہو رہی تھی، اس لیے انہوں نے شوبز سے دوری اختیار کرلی۔
تاہم اب وہ دوبارہ ڈراموں میں نظر آنے کےلیے تیار ہیں اور خبریں ہیں کہ ان کے آنے والے ڈرامے کی شوٹنگ جاری ہے۔ شائستہ لودھی کی ٹیم کے ایک رکن نے میں تصدیق کی کہ شائستہ جلد ہی ٹی وی پر ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ اداکارہ کی ٹیم کے رکن کے مطابق شائستہ لودھی اداکارہ مرینا خان کی ہدایت کاری میں بننے والے میگا سیریل ڈرامے ’پردیس‘ میں ایک شادی شدہ خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ ’پردیس‘ میں شائستہ ایک ایسی پاکستانی خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، جن کے شوہر کمائی کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہوتے ہیں اور ایک دوسرے سے دوری خاندان کی خوشیوں میں دراڑیں ڈالتی ہے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح روزگار کے سلسلے میں اہلیہ اور خاندان سے دور رہنے والا شخص ’پردیس‘ میں خاندان کی خوشیوں سے دور رہتا ہے۔ ڈرامے میں شائستہ لودھی کو ایک مضبوط خاتون کے کردار میں دکھایا گیا ہے، ساتھ ہی انہیں ایک روایتی پاکستانی خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا ہے۔ ڈرامے کی کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک دوسرے سے عیلحدگی کی وجہ سے میاں اور بیوی کے تعلقات اثر انداز ہوتے ہیں۔ ان کی ٹیم کے رکن نے بتایا کہ شائستہ لودھی مذکورہ ڈرامے پر اداکار ہمایوں سعید کے کہنے کی وجہ سے کام کر رہی ہیں، انہوں نے ہی شائستہ کو راضی کیا۔ شائستہ لودھی اس شرط پر ’پردیس‘ میں کام کرنے پر رضامند ہوئیں کہ مذکورہ ڈرامے کی ہدایات مرینا خان دے رہی ہیں۔
ڈرامہ سیریل ’پردیس‘ کی دیگر کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، بشریٰ انصاری، گوہر رشید، شرمین علی، افنان وحید اور دیگر اداکار شامل ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ڈرامے کو کب تک ریلیز کیا جائے گا تاہم امکان ہے کہ ’پردیس‘ کو عیدالفطر کے بعد ریلیز کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button