شادی میں کوئی دلچسپی نہیں، ابھی بہت کام کرنا ہے
’بدنامیاں‘ اداکارہ علیزے شاہ کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی شادی کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، انہیں ابھی اپنے کیریئر بنانے کے لیے بہت کام کرنا ہے۔
علیزے شاہ نے اداکار علی سفینا کے ساتھ ہم اسٹائل ایوارڈز کی ریہرسل کے دوران مختصر بات کرتے ہوئے نہ صرف شادی بلکہ اپنے متعلق پھیلنے والی افواہوں اور اپنے کیریئر پر بھی بات کی۔
مذکورہ ویڈیو کو ہم اسٹائل ایوارڈز کے انسٹاگرام پر شیئر کیا، جس میں علیزہ شاہ کو ریہرسل کے لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں علی سفینا نے اداکارہ سے ان سے متعلق پھیلنے والی افواہواں پر سوالات کرتے ہوئے ان سے شادی سے متعلق بھی پوچھا اور ساتھ ہی اداکارہ نے دلچسپ جواب بھی دیا۔
اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ان کے ساتھ کام کرنا مشکل ہوتا ہے، کیوں کہ بعض اوقات ساتھی اداکاروں کے ایک دوسرے سے کیمسٹری نہیں مل پاتی، اس وجہ سے ایسا سمجھا جاتا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ شوٹنگ سیٹ گھر کی طرح ہوتا ہے اور وہاں موجود تمام افراد اہل خانہ کی طرح ہوتے ہیں اور جس طرح گھر میں کبھی والدہ یا والد سے بات نہیں بن پا رہی ہوتی، اسی طرح شوٹنگ سیٹ پر بھی بعض لوگوں سے بات نہیں بن پاتی۔
اداکارہ نے خود کو پاکستان کی بلی آئلش قرار دیے جانے پر مسکراتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہے اور انہیں بلی آئلش بننے کا کوئی شوق نہیں البتہ وہ امریکی پاپ گلوکارہ کو بہت پسند کرتی ہیں اور انہوں نے ان کے تمام گانے سن رکھے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل علیزے شاہ اور عمران عباس کی شادی کی افواہیں بھی پھیلی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اپنے بالوں کو چھوٹا کروانے کے سوال پر علیزے شاہ نے بتایا کہ ان کے بال ان کی طاقت ہیں اور وہ ہر طرح کے بالوں کو ساتھ خود کو طاقتور محسوس کرتی ہیں۔
علیزہ شاہ نے اداکار عمران عباس سے شادی کی افواہوں پر ہنستے ہوئے بتایا کہ ان کی ان سے شادی نہیں ہوئی اور نہ جانے کس نے ان سے متعلق افواہیں پھیلائی ہیں۔
علی سفینا نے ان سے سوال کیا کہ کیا انہیں ماضی میں 50 ہزار تولے سونے کے عوض شادی کی پیش کش ہوئی تھی؟ جس پر اداکارہ نے مسکراتے ہوئے میزبان سے پوچھا کہ انہیں یہ باتیں کہاں سے معلوم ہوئیں؟
بعد ازاں اداکارہ نے جواب دیا کہ اگرچہ انہیں بھی مذکورہ پیش کش سے متعلق مکمل طور پر علم نہیں مگر انہوں نے بھی سنا تھا کہ انہیں شادی کے لیے سونے کی پیش کش کی گئی تھی۔