شاعراحمدفرہاد بازیابی کیس میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سیکٹرکمانڈر طلب

مغوی شاعر احمد فرہاد بازیابی کیس: آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سیکٹر کمانڈر طلب،اسلام آباد ہائیکورٹ نے مغوی شاعر احمد فرہاد بازیابی کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے حکم نامہ جاری کیا، 8 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ اردو میں جاری کیا گیا۔
عدالت کے تحریری حکمانے کے مطابق انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی)کے سیکٹر کمانڈر اور ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو(آئی بی)کو طلب کر لیا گیا۔عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کو بھی طلب کرلیا۔
حکم نامے کے مطابق وزیر قانون اور سیکرٹری قانون کو بطور عدالتی معاون طلب کیا گیا ہے۔آئی جی اور ایس ایس پی پولیس نے عدالت کو تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ کیا، پولیس حکام نے بتایا کہ مغوی کی لوکیشن ٹریس کرلی گئی ہے، پولیس کے مطابق وہ جلد ہی متعلقہ جگہ اور لوگوں تک پہنچ جائے گی۔
حکم نامے کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او نے بتایا کہ سیکٹر کمانڈر کا بیان قلم بند نہیں کیا، پولیس کے مطابق وزارت دفاع سے حاصل تحریری جواب شامل مثل کیا گیا۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ لاپتہ شاعر اب تک بازیاب نہیں ہو سکا ہے۔اٹارنی جنرل کے مطابق وہ احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے انٹیلیجنس ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں۔اٹارنی جنرل نے احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے مزید وقت مانگا ہے۔درخواست گزار وکیل کے مطابق گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل کی جانب سے بازیابی کی ضمانت دی گئی تھی، درخواست گزار وکیل کے مطابق ریاستی ادارے مغوئی کو بازیاب کرانے میں ناکام ہو چکے ہیں، درخواست گزار وکیل کے مطابق مغوی کی جان کو مزید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔درخواست گزار وکیل کے مطابق ریاستی ضمانت پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔
