شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کےلیے جمعے تک کی مہلت

لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے حکام کو احمد فرہاد کو بازیاب کرانے کےلیے جمعے تک کی مہلت دے دی۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت عالیہ کو گمشدہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی یقین دہانی کرا دی۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں ذمے داری لیتا ہوں کہ احمد فرہاد کو بازیاب کرائیں گے۔
جسٹس محسن اختر کیانی کا کہنا تھا کہ آپ نے یقینی بنانا ہے کہ اسلام آباد سے کوئی بندہ اٹھایا نہیں جائے گا، اگر بندہ بازیاب نہیں ہوگا تو یہ ریاست کی ناکامی ہو گی۔
شاعر احمد فرہاد کی وکیل ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے ایسے ہی ہوتا ہے کہ یہ بندہ اٹھاتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ ہمارے پاس نہیں، اٹارنی جنرل یہ بتائیں کہ گزشتہ 6 دن میں بازیابی سے متعلق کیا پیش رفت ہوئی ہے، اگر ایجنسیوں کے پاس نہیں ہے تو کم از کم مغوی کو ٹریس تو کیا جاسکتا ہے۔
عدالت عالیہ نے کیس کی سماعت جمعے تک ملتوی کر دی۔
