شاہد آفریدی کا ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کو تگڑا جواب

سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کو پاکستان کے سیکیورٹی مسائل پر بیان بازی کرنے پر تگڑا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی سیکیورٹی مسائل نہیں ہیں، پاکستان عالمی ایونٹس کی برسوں سے میزبانی کر رہا ہے۔

شاہد آفریدی نے جے شاہ کے پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’جے شاہ کا پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال سے متعلق بیان دیکھا تو ان کی یادداشت تازہ کرنے کے لیے بتا دوں کہ پاکستان نے گزشتہ 6 سال میں کئی غیر ملکی ٹیموں اور کھلاڑیوں کی میزبانی کی ہے‘، سابق کپتان نے طویل فہرست بھی شئیر کی کہ ان برسوں میں کون کون سی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آ چکی ہیں۔

شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ ’مسٹر شاہ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ پاکستان 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہے۔قبل ازیں جے شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’پاکستان کرکٹ ایونٹس کے لیے محفوظ مقام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’تمام ممبران، میڈیا رائٹس ہولڈرز اور اسپانسر اور ویڈیو کے حقوق رکھنے والے ہولڈرز ابتدائی طور پر پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں رکھنے کے حوالے سے ہچکچا رہے تھے، یہ ہچکچاہٹ ملک میں موجودہ سیکیورٹی اور اقتصادی صورتحال سے متعلق خدشات کی وجہ سے تھی‘۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ سری لنکا کے شہر کولمبو میں برسات کے موسم میں ایشیا کپ کو شیڈول کرنے کے فیصلے پر اے سی سی کے صدر جے شاہ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سری لنکا میں اس وقت وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جس کے باعث ایشیا کپ کے آنے والے سپر فورمرحلے کے میچز میں خلل آسکتا ہے۔

اس کے علاوہ بھارت اور پاکستان کے درمیان 2 ستمبر کا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا اور بے نتیجہ ختم کردیا گیا تھا، یہی نہیں بلکہ بھارت کا نیپال کے خلاف میچ بھی بارش کی وجہ سے متاثر ہوا تھا۔

قبل ازیں اے سی سی نے پی سی بی کو یقین دہانی کروائی تھی کہ کولمبو میں خراب موسم کی پیشن گوئی کی وجہ سے سپر فور میچز ہمبنٹوٹا میں منتقل کردیے جائیں گے، تاہم جے شاہ اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے اور تمام میچز کولمبو میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Back to top button