شاہد کپورکی بیوی میرا اصل محبت کس سے کرتی ہیں؟


معروف بالی وڈ اداکار شاہد کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ میرا راجپوت کی پہلی محبت کوئی اور ہے۔ تاہم یاد رہے کہ شاہد کپور کی پہلی محبت بھی ان کی بیوی میرا راجپوت نہیں بلکہ کرینہ کپور تھیں۔ شاہد کپور نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ میرا کی پہلی محبت وہ نہیں بلکہ کوئی اور ہی ہے۔
شاہد کپور نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی بیوی کیساتھ کسی پارک کے بینچ پر بیٹھے ہیں۔ میرا راجپوت شاہد سے کچھ فاصلے پر بیٹھی موبائل فون چلانے میں مصروف نظر آرہی ہیں۔ جب کہ شاہد اس دوران ان کے علم میں لائے بغیر ان کی ویڈیو بنارہے ہیں۔
ویڈیو کے کیپشن میں شاہد کپور نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی بیوی کی پہلی محبت نہیں بلکہ دوسری محبت ہیں۔ شاہد کپور نے لکھا ’’میں اپنی بیوی کی پہلی محبت نہیں ہوں بلکہ ان کا فون ان کی پہلی محبت ہے۔ لیکن کوئی بات نہیں مجھے اپنی بیوی کا دوسرا پیار بننے میں کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ محبت ایسی ہی ہوتی ہے‘‘۔ شاہد کپور اور میرا 2015 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ دونوں کے دو بچے ہیں۔ شادی سے قبل شاہد کپور اور اداکارہ کرینہ کپور کے درمیان افئیر کی خبریں میڈیا پر سرگرم تھیں۔
بالی ووڈ میں شاہد کپور ایک ایسے اداکار کے طور شمار کیے جاتے ہیں جنہوں نے اپنے رومانوی تائثر سے ایک منفرد شناخت بنائی ہے۔ دہلی میں 25 فروری 1981 کو پیدا ہونے والے شاہد کپور کو اداکاری وراثت میں ملی ہے۔ ان کے والد پنکج کپور مشہور اداکار ہیں۔ شاہد کپور نے اپنے کیرئیر کا آغاز اشتہاری فلموں سے کیا۔ بطور اداکار اپنا کیرئیر 2003 میں آئی فلم ’عشق وشق‘ سے شروع کیا یہ فلم کامیاب رہی اور انہیں فلم فیئر کے سرفہرست ڈیبو اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
فلم عشق وشق کے بعد شاہد کپور نے ’فدا، دل مانگے مور، دیوانے ہوئے پاگل، واہ لائف ہو تو ایسی، شکھر، 36 چائنا ٹاؤن، چھپ چھپ کے‘ جیسی چند فلموں میں کام کیا لیکن یہ سبھی فلمیں فلاپ رہیں۔ 2006 میں انہیں سورج بڑجاتیہ کی فلم ’وواہ‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ شاہد نے اس فلم میں اپنی سنجیدہ اداکاری سے شائقین کو مسحور کردیا یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی اور اسی کے ساتھ شاہد فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں بھی کامیاب رہے۔
سال 2007 میں آئی فلم ’جب وی میٹ‘ شاہد کپور کے کیریئر کی قابل ذکر فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ امتیاز علی کی ہدایت میں بنی اس فلم میں شاہد کپور اور کرینہ کپور کی جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ فلم ’جب وی میٹ‘ باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی اور شاہد کپور بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے نامزد کیے گئے۔
2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کمینے‘ شاہد کپور کے کیریئر کے لئے ایک اہم فلم ثابت ہوئی۔ اس میں شاہد کپور نے ڈبل کردار نبھا کر خوب شہرت حاصل کہ۔ پرینکا چوپڑا کے ساتھ شاہد کپور کی جوڑی کو شائقین نے کافی سراہا۔ اس فلم میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے انہیں بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔ لیکن 2010 سے 2012 تک کا وقت شاہد کے کیرئیر کے لئے برا ثابت ہوا۔ اس دوران ان کی ’دل بولے ہڈپا، چانس پہ ڈانس، پاٹھشالہ، بدمعاش کمپنی، ملیں گے ملیں گے، موسم اور تیری میری کہانی‘ جیسی فلمیں منظرعام پر آئیں لیکن کوئی بھی فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں رہی حالانکہ فلم موسم میں شاہد کپور کی اداکاری کو ناظرین نے ضرور پسند کیا۔ 2013 میں شاہد کپور کی فلم ’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘ اور ’آرراجکمار‘ منظر عام پر آئیں۔ پربھودیوا کی ہدایت میں بنی فلم آر راجکمار کو اوسط کامیابی ملی۔ اس فلم میں شاہد کپور نے اپنے زبردست ایکشن مناظرسے ناظرین کا دل جیت لیا۔ سال 2014 میں شاہد کپور کی فلم ’حیدر‘ آئی۔ وشال بھاردواج کی ہدایت میں بنی فلم ’حیدر‘ میں ان کی بااثر اداکاری کے لیے شاہد کپور کو بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ شاہد کی فلموں میں ’رنگون، اڑتا پنجاب، پدماوت، بتی گل میٹر چالو اور سپر ہٹ فلم ’کبیر سنگھ‘ قابل ذکر ہیں۔

Back to top button