’’شاہ رخ بیٹی کی ڈیبیو فلم میں جلوہ گر ہونے کیلئے تیار‘‘

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اپنی بیٹی کی ڈیبیو فلم میں جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں، ڈیبیو فلم کے حوالے سے متضاد اطلاعات ہیں کیونکہ سہانا پہلے ہی ویب سیریز فلم ’’دی آرچی‘‘ میں کام کر رہی ہیں جوکہ رواں برس دسمبر میں ریلیز ہوگی، فلمی حلقوں کا خیال ہے کہ ’’دی آرچی‘‘ کی ریلیز کو ملتوی کرتے ہوئے سہانا کی پہلے والد کیساتھ فلم کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائیگا۔بھارتی اخبار ’’انڈیا ٹو ڈے‘‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ شاہ رخ خان جلد ہی اپنی بیٹی سہانا خان کے ہمراہ فلم ساز سنجے گھوش کی فلم میں دکھائی دیں گے، فلم سہانا خان کی ڈیبیو فلم ہوگی اور اس پر کام کا آغاز کر دیا گیا۔رپورٹ میں فلم سے جڑے انتہائی قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ فلم میں شاہ رخ خان یا سہانا خان کے کردار مختصر نہیں ہوں گے بلکہ دونوں کے کردار انتہائی اہم ہوں گے اور وہ ایک دوسرے سے جڑے ہوں گے، ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سنجے گھوش کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جاسوس کے کرداروں پر مبنی ہوگی اور سہانا خان بھی جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں گی۔رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر شاہ رخ خان فلم میں اپنی بیٹی کے استاد کے طور پر دکھائی دیں گے یعنی وہ فلم میں بیٹی کو جاسوسی کے لیے ہدایات دیتے دکھائی دیں گے، رپورٹ میں فلم کے دیگر کرداروں یا کہانی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا، تاہم بتایا گیا کہ فلم کی تیاری کے لیے کام کا آغاز کر دیا گیا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم کے لیے شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی شریک پروڈیوسر بھی ہوگی۔یہ واضح نہیں ہے کہ فلم میں سہانا خان کے ساتھ بطور ہیرو کون دکھائی دے گام یعنی فلم میں وہ کس سے رومانس کرتی دکھائی دیں گی، اس کی ابھی تصدیق نہیں ہو سکی، یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ 2018 میں ہی بھارتی میڈیا نے رپورٹس دی تھیں کہ ممکنہ طور سہانا خان سنجے لیلا بھنسالی یا سنجے گھوش کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سے ڈیبیو کریں گی۔
