شاہ رخ خان نے امریکی سٹار شیرن سٹون کو کیا سرپرائز دیا؟

سعودی عرب میں ہونے والے "ریڈ سی” انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ خان شاہ رخ خان کی سرپرائز انٹری پر امریکی اداکارہ شیرون سٹون ورطہ حیرت میں گم ہوگئیں، جب فلم فیسٹیول کے دوران میزبان نے شاہ رخ خان کا نام پکارا تو امریکی اداکارہ نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا دل تھام لیا۔ شیرون سٹون سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والے ریڈ سِی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شریک تھیں، اس فیسٹیول کے دوران شاہ رخ خان کو اعزازی ایوارڈ سے نوازا گیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیرون سٹون نے اپنے قریب ہی بیٹھے شاہ رخ خان کو کھڑے ہوتے دیکھا تو حیرت کا شکار ہوگئیں اور دل تھام کر تالیاں بجانے لگیں۔

ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شاہ رخ خان کو فلمی دنیا میں خدمات کے اعتراف میں اعزازی ایوارڈ سے نوازا گیا، اس موقع پر شاہ رخ خان نے کہا کہ یہ ایوارڈ ملنے پر میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا بے حد ممنون ہوں، شاہ رخ خان نے کہا کہ سعودی عرب میں اپنے مداحوں کے درمیان آ کر مجھے بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ وہ خطہ ہے جہاں سے میری فلموں کو بھرپور سپورٹ ملی ہے، میں اس خطے کے ٹیلنٹ کو سہرانے اور یہاں کی فلم کمیونٹی کا حصہ بننے کے بہت جوش میں ہوں، یاد رہے کہ شاہ رخ خان نے حالیہ دنوں سعودی عرب میں اپنی فلم ’ڈنکی‘ کی شوٹنگ کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی اداکارہ شیرون سٹون ہالی ووڈ کی معروف اداکارائوں میں شمار ہوتی ہیں، وہ 1958 میں پنسلووینیا میں پیدا ہوئی تھیں، ایڈن بورو یونیورسٹی سے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد شیرن سٹون 1976 میں مس کرافورڈ کائونٹی منتخب ہوئیں، جبکہ اس کے بعد اداکارہ فیشن انڈسٹری سے وابستہ ہونے کیلئے نیویارک منتقل ہوگئیں، 1977 میں نیوجرسی منتقل ہونے کے بعد انھوں نے فورڈ ماڈلنگ ایجنسی کے ساتھ معاہدہ کیا، اور اس کے بعد یورپ منتقل ہوگئیں جہاں انھوں نے ماڈلنگ کو چھوڑ کر اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا، اس کے بعد وہ دوبارہ نیویارک واپس آئیں اور 1981 میں ان کو ہارر فلم ’’ڈیڈلی بلیسنگ‘‘ میں کاسٹ کیا گیا جس کے بعد اداکارہ نے ایک سے بڑھ کر ایک فلم میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

ان کی مشہور فلموں میں ابو دی لا، ایکشن جیکسن، ٹوٹل ری کال، سیزرز، سلور، دی سپیشلسٹ، دی کوئیک اینڈ دی ڈیڈ، کیسینو، آنٹز، دی مائٹی، کیٹ وومن، بروکن فلاورز، ایلفا ڈاگ، آل آئی وش، دی لونڈرومیٹ اور دیگر شامل ہیں۔ اداکارہ نے دو شادیاں کیں، پہلی شادی مائیکل گرین برگ کیساتھ کی جوکہ 1984 سے 1990 تک چلی، اس کے بعد اداکارہ کی دوسری شادی 1998 میں فل برونسٹین کے ساتھ ہوئی جوکہ 2004 میں اختتام پذیر ہوئی، اداکارہ کے تین بچے ہیں۔

Back to top button