’’مسٹر اینڈ مسز سمتھ‘‘ نے انجلینا، براڈپٹ کی زندگی کو کیسے متاثر کیا؟

ایسا بہت کم دیکھنے میں آیا ہے کہ اداکاروں کی زندگی ان کی فلموں سے متاثر ہوئی ہو، لیکن کچھ فلمیں واقعی اپنے مضبوط سکرپٹ کی وجہ سے اداکاروں کو بھی اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں۔ ایسا ہی کچھ ہالی ووڈ سٹار انجلینا جولی کی زندگی میں بھی دیکھنے میں آیا، انجلینا نے 2002 میں خود کو سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کے طور پر منوایا۔ فلم سازوں میں انجلینا کی ڈیمانڈ بڑھتی رہی لیکن ابھی تک انجلینا جولی کی فلموں نے باکس آفس پر نام نہیں کمایا تھا۔ اگرچہ فلم ’’ٹومب ریڈر‘‘ اداکارہ کے لیے گیم چینجر ثابت ہوئی لیکن جس فلم نے ان کی زندگی کو متاثر کیا، وہ تھی ’مسٹر اینڈ مسز سمتھ۔‘اس فلم میں انجلینا جولی کے ساتھ بریڈ پٹ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، یہ فلم دونوں اداکاروں کے فلمی کیریئر کی سب سے متنازع فلم سمجھی جاتی ہے۔ مسٹر اینڈ مسز سمتھ ایک ایسے شادی شدہ جوڑے کی کہانی ہے جو ویسے تو اپنی زندگیوں سے انتہائی بے زار دکھائی دیتے ہیں لیکن بطور ایجنٹس، خفیہ طور پر قتل کی وارداتیں بھی کرتے ہیں۔
اس فلم نے نہ صرف انجلینا اور بریڈ پٹ کی زندگی بدل کر رکھ دی بلکہ ایک اور اداکارہ جینفر اینسٹن کی زندگی بھی بدل دی۔ فلم کے سیٹ پر جب بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے درمیان عشق کی ابتدا ہوئی تو اس وقت بریڈ پٹ دراصل جینیفر اینسٹن سے شادی کے بندھن میں بندھے ہوئے تھے۔ کامیڈی شو ’فرینڈز‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی جینیفر اینسٹن اور بریڈ پٹ کی ملاقات اسی شو کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ سال 2000 میں دونوں کی شادی ہوئی اور چار سال بعد دونوں کی طلاق ہوگئی۔ جب انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کا تعلق زبان زد عام ہوا تو انہیں بالی وڈ کی حسین ترین جوڑی کا خطاب دیا گیا اور دونوں ریڈ کارپٹ کی زینت سمجھے جاتے تھے۔
تقریباً دس سال کے رومانوی تعلق کے بعد 2014 میں انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کی شادی ہوئی جس کے دو سال بعد ہی اداکارہ نے طلاق کی درخواست دائر کر دی تھی۔ اداکاروں کی زندگیوں میں تو فلم مسٹر اینڈ سمز سمتھ سے جو بھی بھونچال آیا لیکن باکس آفس پر بھی 40 کروڑ ڈالر سے زائد کما کر سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی ساتویں بڑی فلم کا اعزاز اپنے نام کیا۔
