شدید معاشی خطرات کے باوجود گھبرانے کی ضرورت نہیں

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ ملک کے شدیدمعاشی خطرات سے دوچار ہونے کے باوجود گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پرایک پیغام میں قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھااللہ سے دعا ہے کہ یہ عید ہم سب کو ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے، دعا ہے یہ عید پاکستان کو ان شدید مشکلات سے نجات دلائے، آج یومِ عید ایک خاص دن سے بڑھ کر بے مثال اتحاد و یگانگت کا ایک خاص موقع ہے، آج گلہ کرنے کا نہیں گلے ملنے کا دن ہے، قوم کے یک قالب ہونے کا دن ہے اور مل کر مسکرانے کا دن ہے۔
انکا کہنا تھاپاکستان اس وقت شدید معاشی خطرات سے دوچار ہے، لیکن ان سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، محنت، دیانت سے یہ مشکلات کم ہوں گی، مسائل کے حل کیلئے محنت کرنا ہماری ذمہ داری ہے، حکومت کا حصہ تمام متحدہ جماعتیں مل کر مسائل کا حل نکالیں گی، ہم ان مشکلات کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، اس میں آپ سب کی دعائیں اور تعاون کی ضرورت ہے، میں اپنی انتہائی محنتی قوم سے جلد خطاب کروں گا۔
وزیر اعظم نے کہاقوم کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، عوام کی تکلیف کا احساس کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، عوام آنے والے دنوں میں ملکی حالات میں بہتری دیکھیں گے۔
علاوہ ازیں ایک ٹویٹ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا اپنے دورے کے دوران پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا کہ پاکستان اور سعودی عرب گہرے روابط اور تعاون کے نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں، کنگ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو عید کی مبارک باد.

Back to top button