شرجیل میمن کاوفاقی وزرا پرسندھ حکومت کیخلاف سازشوں کاالزام

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نےوفاقی وزرا پر سندھ حکومت کیخلاف سازشیں کرنے کا الزام لگادیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی وزرا اور گورنر ہاؤس سے سندھ حکومت کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں لہٰذا پیپلزپارٹی کی قیادت سے کہتا ہوں وہ وفاقی حکومت سے اس پر جواب طلب کرے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور اس وقت میگا پروجیکٹس کراچی میں بن رہے ہیں، سندھ جو اسکیمیں لارہا ہے وہ کراچی یا حیدرآباد کےلیے نہیں پورے پاکستان کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ علاج کرانے کے لیے کراچی آتے ہیں، جگر کی پیوند کاری کےلیے لوگ ملک سے باہر جاتے تھے لیکن اب سندھ میں آرہے ہیں، ہمارا ٹارگٹ ہے کوئی علاج کےلیے ملک سے باہر نہ جائے۔
سندھ کے سینئروزیر نے کہا کہ سندھ حکومت ڈیجیٹل پورٹل پر کام کر رہی ہے اور سندھ حکومت نے تھرپارکر کے کوئلے سے بجلی بنانے کےلیے اربوں روپے خرچ کیے ہیں، سندھ میں جو کسان عورتیں ہیں ان کا ڈیٹا بنایا جا رہا ہے، کسان خواتین کے لیے نئے منصوبے لانا مقصد ہے جب کہ سندھ الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی بھی بن گئی ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کیا ہے جب کہ سندھ کے تمام ڈسٹرکٹ اور ہائیویز محفوظ ہیں، 120 پولیس مقابلوں میں 28 ڈاکو مارے گئے اور 56 ڈاکوزخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کو ٹارگٹ کرکے سندھ حکومت پر تنقید کی جاتی ہے، ہم مانتے ہیں کراچی میں چیلنجز ہیں، کراچی میں بہت ساری جگہوں پر سڑکوں اور ٹریفک کے مسائل ہیں، کرا چی کی آبادی کا موازنہ شہروں سے نہیں ملکوں سے کرسکتے ہیں،کچھ لوگ کراچی کو ٹارگٹ کرتے ہیں، کراچی کے اپنے مسائل ہیں، یہاں ہزاروں کی تعداد میں روزانہ ملک بھرسےلوگ داخل ہوتے ہیں، صحت کی سہولت کے لیے ملک بھر سے لوگ کراچی آتے ہیں، یہاں کےہسپتالوں میں 50 فیصد لوگ باہر سے آتے ہیں، مریضوں پر لاکھوں روپے خرچ ہو رہے ہیں وہ رقم سندھ حکومت ادا کر رہی ہے۔
