شعیب نے ثانیہ سے علیحدگی کے سوال پر کیا جواب دیا؟

پاکستانی کرکٹ سٹار شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی علیحدگی کی افواہوں کا معاملہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید پراسرار ہوتا چلا جا رہا ہے۔ شعیب ملک نے ایک بار پھر ثانیہ سے علیحدگی کی افواہوں کی تردید یا تصدیق سے انکار کر دیا ہے۔ایک انٹرویو میں شو کے میزبان نے شعیب ملک سے ہوچھا کہ آپ اور ثانیہ میں علیحدگی کی افواہیں زیرِ گردش ہیں، آپ اس سوال کا مختصر سا جواب صرف ہاں یا ناں میں دے دیں۔ لیکن شعیب کا جواب میں کہنا تھا کہ یہ ہمارا نجی معاملہ ہے، اور اس بارے نہ تو میں اور نہ ہی میری اہلیہ کوئی جواب دے رہے ہیں، اس سوال کے جواب کے لیے معذرت قبول کیجیے، میں چاہتا ہوں کہ علیحدگی سے متعلق سوالات آپ ہم سے دور ہی رکھیں، اس سوال کو چھوڑ ہی دیں۔
میزبان کی جانب سے مزید سوال پر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں اگر ٹی وی سے اداکاری کی کوئی آفر آتی ہے تو میں ناں نہیں کروں گا، دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے آنے والی زندگی میں، میں ہر چیز کے لیے تیار ہوں۔ آل راؤنڈر نے بتایا کہ کرکٹ کی مصروفیات کی وجہ سے وی فیملی کے لیے وقت نہیں نکال پاتے اور اب انکے بیٹے اذہان نے سکول بھی جانا شروع کر دیا ہے جس کے بعد میں نے فیصلہ کیا یے کہ کرکٹ کم کھیلی جائے اور فیملی کو زیادہ وقت دیا جائے، پہلے میں ہر لیگ کھیلتا تھا جو اب میں نے کم کر دی ہے لیکن اب بھی کرکٹ پریکٹس اور فٹنس پر میری توجہ بھرپور ہے۔
انہوں نے ٹیم میں اپنی سلیکشن اور ٹی 20 ورلڈ کپ بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بابر اعظم کو چھوٹا بھائی سمجھتا ہوں، بابر نے مجھے ایشیا کپ کے دوران ہی کہہ دیا تھا کہ ورلڈ کپ میں یہی ٹیم جائے گی، لیکن بابر کو جب کبھی بھی میری ضرورت پڑی، میں ہمیشہ اسے دستیاب رہوں گا، اگر میں کسی وجہ سے ٹیم میں نہیں ہوا تو ایسا ہر گز نہیں ہے کہ میں بابر اعظم سے منہ بنا لوں یا ناراض ہو جاؤں، میری دعائیں ہمیشہ بابر کے ساتھ ہیں اور میں ہمیشہ سے چاہتا ہوں بابر ترقی کرے اور ہمیشہ نمبر ون رہے، مجھے بابر اعظم سے کوئی گلہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے بعد سے انکی بابر اعظم سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ ایک سوال کے جواب میں شعیب کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ سوچتے ہیں میری جانب سے ٹیم سلیکشن بارے کی گئی ٹوئٹ کی وجہ سے مجھے قومی ٹیم میں سلیکٹ نہیں کیا گیا وہ غلط سوچتے ہیں، میں نے ٹیم کی بہتری کا سوچ کر وہ ٹویٹ کی تھی اور میں ہرگز دل برداشتہ نہیں ہوں۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے سوال پر شعیب کا کہنا تھا کہ ان کا ریٹائر ہونے کا بالکل بھی ارادہ نہیں۔ میں جب بھی ایسا سوچوں گا سب کو پتہ چل جائے گا، میرا ابھی سارا فوکس کرکٹ پر ہے لیکن لیگ کرکٹ کھیکنا کم کر دی ہے، میں نے جب بھی ریٹائرمنٹ کا ارادہ کیا تو لیگ کرکٹ سمیت تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہو جاؤں گا۔
