شمعون عباسی کا پریانکا کیساتھ کام سے انکار کا دعویٰ

معروف فلمساز اور اداکار شمعون عباسی نے دعوی ٰکیا ہے کہ ایک دہائی قبل انہیں بھارت میں پریانکا چوپڑا کے شوہر کا کردار ادا کرنے کی آفر ہوئی تھی مگر انہوں نے یہ کردار نبھانے سے انکار کر دیا تھا۔ نعمان اعجاز کے شو ’جی سرکار‘ میں شمعون عباسی نے کہا کہ وہ جب کسی سے کوئی کمٹمنٹ کر لیں تو آخری حد تک اسے نبھانے کی کوشش کرتے ہیں، اسی لیے انہوں نے بھارتی فلم میں کام سے معذرت کی تھی۔
اداکار نے بتایا کہ پاکستانی فلم پروڈیوسر حسین ضیا ان کے اچھے دوست رہے ہیں، جن کے تعلقات متعدد بھارتی فلم سازوں سے رہے ہیں اور ان کے توسط سے ہی انہیں بالی ووڈ فلم میں کام کی پیش کش ہوئی تھی۔ شمعون کے مطابق حسن ضیا بھارت دورے پر گئے تو وہاں سے فون کرکے انہیں بھارتی فلم ساز وشال بھردواج کی فلم ’سات خون معاف‘ میں کام کی پیش کش کی۔ اداکار کے مطابق انہیں فون پر کہا گیا کہ وہ ایک ہفتے میں بھارت پہنچیں، جہاں پہلے ان کا آڈیشن لیا جائے گا، جس کے فوری بعد شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ انہیں وشال بھردواج کی فلم ’سات خون معاف’ میں پریانکا چوپڑا کے چوتھے شوہر کے کردار کی پیش کش ہوئی تھی اور انہیں روسی شخص کا کردار ادا کرنا تھا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ چونکہ تب وہ اپنی فلم ’وار‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے اس لیے ایک ہفتے میں بھارت پہنچنے سے معذرت کرلی اور وشال بھردواج کو درخواست کی کہ وہ پریانکا چوپڑا کو کہیں کہ ان کے لیے تھوڑا سا انتظار کریں۔ شمعون عباسی نے بتایا کہ وشال بھردواج نے انہیں کہا کہ وہ اب ان کے لیے پریانکا چوپڑا کو انتظار کرنے کا کہیں گے؟ اداکار نے اعتراف کیا کہ جب انہیں بھارت سے کام کی پیش کش کا فون آیا، تب انہوں نے خوشی کے مارے اپنے تمام کام عارضی طور پر چھوڑ دیئے تھے۔
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا کی فلم ’سات خون معاف‘ 2011 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں انہوں نے سات شادیاں کی تھیں اور ساتوں شوہروں کو قتل کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب اپنی فلم "وار” کے بعد اداکارہ شمعون عباسی ’’بھائی لوگ‘‘، ’’منٹو‘‘، ’’سوال 700 کروڑ ڈالر کا‘‘، ’’راستہ، پرواز ہے جنون، دی لیجنڈ آف مولا جٹ، چودھری، دہلی گیٹ اور عشرت میڈ این چائنا میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
