شوبز خواتین جنہوں نے اپنے شوہروں کی چھٹی کروا دی

شوبز کی مصنوعی دنیا صرف روپے پیسے سے چلتی ہے جس میں دوستیاں، دشمنیاں حتیٰ کہ رشتے ناطے بھی روپے پیسے کی بنیاد پر بنتے اور بگڑتے ہیں۔ اگر یقین نہ آئے تو حالیہ چند برسوں میں خلع لینے والی اداکاراؤں کی فہرست دیکھ لیں، یہ سب اپنے مالی معاملات شوہروں کی بجائے خود ہینڈل کرنا چاہتی تھیں، کیونکہ ان میں سے اکثر کے شوہر لالچی یا بیویوں کے مقابلے میں نکھٹوتھے۔

کہا جاتا ہے کہ ماہرہ خان، صنم سعید، آمنہ شیخ، نوین وقار، فریحہ پرویز، نور بخاری، شائستہ لودھی، نادیہ خان اور بشریٰ انصاری کے گھر کبھی نہ اُجڑتے اگر یہ اپنے شوہروں کے مقابلے میں ”فنانشلی سٹرانگ“ نہ ہوتیں۔ وی جے اور ایکٹرس ماہرہ خان نے جب علی عسکری سے شادی کی تو وہ ایم ٹی وی کے ہیڈ تھے۔ آٹھ سال دونوں نے خوش و خرم زندگی گزاری۔ انہی دنوں ماہرہ خان کا بلاک بسٹر ڈرامہ ”ہمسفر“ آن ایئر ہوا، جس کے بعد نہ صرف پاکستانی بلکہ انڈین پروڈیوسرز بھی انھیں ہاتھوں ہاتھ لینے لگے۔ چاروں طرف سے ہن برسنے لگا، ماہرہ کے پاؤں زمین پر نہیں پڑتے تھے، خاص طور پر جب انھیں پتا چلا کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان انھیں اپنی ہیروئن بنانا چاہتے ہیں۔ ظاہر ہے علی عسکری پرسنیلٹی کے اعتبار سے ہی نہیں فنانشلی بھی بہت پیچھے رہ گئے تھے، 2014 میں جیسے ہی ماہرہ کا بیٹا اذلان پیدا ہوا، اس کے ایک سال بعد ہی انھوں نے علی کو اہنی زندگی سے کِک آؤٹ کر دیا۔

نوین وقار اور ”اظفر مانی شو“ فیم اظفر علی تو ایک دوسرے کی چاہت میں اتنا آگے نکل گئے کہ اظفر نے نوین سے شادی کی خاطر اپنی وفا شعار اور محبت کرنے والی بیوی کو بھی چھوڑ دیا۔ نوین بھی ڈرامی ”ہمسفر“ کے بعد کامیابی کی منزلیں تیزی سے طے کر رہی تھی۔ اس الٹرا ماڈرن اور دولتمند ایکٹرس کا بظاہر اظفر سے کوئی جوڑ نہیں تھا۔ چنانچہ وہی ہوا، جو ایسے بے جوڑ رشتوں میں ہوتا ہے۔ دونوں کی یہ شادی بمشکل تین سال چلی اور نوین نے اظفر کو چھوڑ دیا۔

”پتنگ باز سجنا“ فیم فریحہ پرویز کو کون نہیں جانتا۔ اگرچہ فریحہ کی پہلی شادی انہی کے استاد سے ہوئی تھی، جو ان سے دوگنی عمر کے تھے لیکن جب فریحہ نے 2016 میں، گلوکار نعمان جاوید سے شادی کی تو سب نے انھیں پرفیکٹ کپل قرار دیا۔ اب اسے فریحہ کی خوش قسمتی کہہ لیں کہ انھیں جلد ہی اپنی غلطی کا احساس ہو گیا اور انھوں نے اسی سال، شادی کے چند مہینوں بعد ہی، خلع مانگ لی۔ دراصل فریحہ نہیں چاہتی تھیں کہ کئی سالوں کی محنت سے کمائی دولت شوہر کے ہاتھوں دنوں میں لُٹا دیں۔

شائستہ لودھی کی کہانی بھی شوبز کی باقی خواتین سے کوئی مختلف نہیںہے۔ وقار واحدی سے ان کی شادی 1999 میں ہوئی جس سے ان کے تین بچے ہیں۔ ابتداٴ میں شائستہ ایک عام سی ٹی وی ہوسٹ تھیں۔ چونکہ ڈاکٹر بھی تھیں، اس لئے سماجی ٹاک شوز میں ان کا مقبولیت کا گراف بڑھتا گیا۔ اصل شہرت انھیں جیو ٹی وی کے مارننگ شو سے ملی، دولت کی ریل پیل بھی ہو گئی۔ اب شائستہ پہلے والی شائستہ نہیں رہی تھیں، گرومنگ تو ہو ہی چکی تھی، ان کا رہن سہن، انداز سب بدل گیا۔ وقار کو ان کے کام کرنے پر قطعی اعتراض نہیں تھا، البتہ وہ بیوی کی بولڈنیس اور بڑھتی ہوئی آزادی کے قائل نہیں تھے۔ دوسری طرف شائستہ شہرت کے اس مقام پر تھیں، جہاں وہ کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کر سکتی تھیں۔ دولت اور شہرت کا نشہ ہی ایسا ہے کہ رشتوں میں بھی دراڑیں ڈال دیتا ہے۔ وقار کے ساتھ بھی یہی ہوا، 2012 میں شائستہ نے انھیں اپنی زندگی سے کِک آؤٹ کر کے 2015 میں اپنے کزن عدنان لودھی سے شادی کر لی۔

کچھ ایسی ہی کہانی ادکارہ نور بخاری کی ہے۔ ویسے تو نور اب تک پانچ شادیاں کر چکی ہیں لیکن معروف گائیک حامد علی خان کے بیٹے ولی حامد سے شادی کے وقت وہ دھوکہ کھا گئیں۔ دراصل نور اس نوجوان اداکار اور سنگر کو دل دے بیٹھی تھیں۔ ولی نے بھی سوچا کہ نور جیسی حسین اور دولتمند بیوی مل جائے تو عمر کا فرق یا نور کا ایک بیٹی کی ماں ہونا کوئی معنی نہیں رکھتا۔ 2015 میں دونوں نے بڑے جوش سے شادی کی اناؤنسمنٹ کی، لیکن دو سال کے اندر اندر سارا جوش جھاگ کی طرح بیٹھ گیا اور ولی نور کے ہاتھوں کِک آؤٹ ہو گئے۔ نور کے پاس پیسہ ضرور ہے مگر وہ قطعی اس موڈ میں نہیں تھیں کہ بیٹی کے ساتھ ساتھ شوہر کو بھی پالیں۔

ڈرامہ سیریل ”دام“ سے ڈیبیو کرنے والی اداکارہ صنم سعید کو شہرت ”زندگی گلزار ہے“ سے ملی۔ جس کے بعد ٹی وی اور فلم پروڈیوسرز نے انھیں کاسٹ کرنے کے لئے بیتاب ہو گئے۔ شہرت ملی تو پیسہ بھی آیا، اب صنم زیادہ پُراعتماد دکھائی دیتیں۔ صنم نے کام بہت کم کیا ہے تاہم وہ جب بھی سکرین پر نظر آتیں، چھا جاتیں۔ پھر سننے میں آیا کہ صنم شادی کر رہی ہیں لیکن قرعہ کسی ساتھی اداکار کے نام نہیں بلکہ ان کے پُرانے دوست فرحان حسن کے نام نکلا ہے۔ 2015 میں دونوں نے شادی کر لی۔ اب صنم کوئی عام لڑکی تو تھیں نہیں جو شوہر کے اشاروں پر چلتیں، شوبز کی مصروفیات ایک طرف، ان کی اپنی فیملی بھی تھی، اپنی بیمار ماں کو بھی وہ نہیں چھوڑ سکتی تھیں۔ فرحان دوبئی رہتے تھے، کچھ عرصہ تو وہ شٹل کاک بنی رہیں مگر کب تک؟ فنانشلی بھی وہ شوہر سے کم نہیں تھیں، بہت سوچ بچار کے بعد بالآخر انھوں نے فرحان کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا اور اسے فارغ کر دیا۔ یوں 2018 میں، محض تین سال بعد ہی دونوں کی راہیں جُدا ہو گئیں۔

نیویارک میں پیدا ہونے والی آمنہ شیخ بھی کئی دوسری اداکاراؤں کی طرح ”فارن کوالیفائڈ“ ہیں۔ ابتداٴ میں یہ بچوں کے ایک پروگرام ”بچے من کے سچے“ کی پروڈیوسر ہوا کرتی تھیں۔ محب مرزا سے آمنہ کی ملاقات اسی پروگرام کے سیٹ پر ہوئی تھی، محب اس کے ہوسٹ تھے۔ ایکٹنگ کی دنیا میں آمنہ کا ڈیبیو 2007 میں سعادت حسن منٹو کے ناول پر مبنی ٹیلی فلم ”گورمکھ سنگھ کی وصیت“ سے ہوا جبکہ شہرت انھیں مہرین جبار کی ہٹ سیریل ”دام“ سے ملی۔ خیر دونوں میں دوستی اتنی بڑھی کہ انہوں نے شادی کر لی۔ یہ شادی 2005 میں ہوئی اور دس سال بعد ان کی بیٹی میسا اس دنیا میں آئیں۔ دونوں میں اختلافات کی خبریں تو گردش کر ہی رہی تھیں، 2018 میں ڈراپ سین بھی ہو گیا۔ آمنہ کسی صورت محب کو مزید برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں تھیں۔ کہنے والے تو یہ بھی کہتے ہیں کہ گھر بنانے سے لے کر، اسے چلانے تک، سب خرچے آمنہ ہی مینج کرتی تھیں۔

نادیہ خان کو ٹیلی وژن کی دنیا میں”ٹرینڈ سیٹر“ مانا جاتا ہے۔ کئی بڑے چینلز کے مارننگ شو، ان کے نام سے پہچانے جاتے ہیں۔ وہ اداکارہ بھی اتنی ہی کمال کی ہیں، جیسے ”بندھن“ کا شمار آج بھی کلاسک ڈراموں میں ہوتا ہے۔ شوبز انڈسٹری میں نادیہ خان کے حوالے سے کئی آراٴ موجود ہیں۔ کچھ لوگوں کی رائے ہے کہ وہ کافی خودسر اور منہ پھٹ ہیں، کسی کا لحاظ نہیں کرتیں جبکہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ شہرت اور دولت کے نشے میں دھت نادیہ خان رشتوں کا بھی لحاظ نہیں کرتیں تھیں۔ ان کے شوہر خاور اقبال کو بھی نادیہ سے یہی گلہ تھا۔ دونوں کی شادی 2001 میں ہوئی تھی، ازان اور علیزے، ان کے دو بچے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ نادیہ نے جب دیکھا کہ ان کی زندگی میں خاور کی مداخلت بڑھتی جا رہی ہے تو انھوں نے شوہر کو کِک آؤٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا اور جلد مانگ لی۔ جس پر خاور نے نادیہ کے خلاف عدالت میں کیس بھی کر دیا تھا۔ ان کا موٴقف تھا کہ اسلام میں بیوی شوہر کو طلاق نہیں دے سکتی۔ تاہم ان کے شوہر یہ کیس ہار گے۔

شوبز انڈسٹری کی ”دیوا“ بشریٰ انصاری کی ہنستی بستی زندگی کو بھی دولت کی چمک نے نگل لیا۔ یہ درست ہے کہ 1978 میں جب بشریٰ اور اقبال انصاری کی شادی ہوئی تھی تو بشریٰ ایک ایوریج اداکارہ تھی، لیکن وقت نے ثابت کیا کہ وہ شوبز کی دنیا میں راج کرنے کے لئے پیدا ہوئی ہیں۔ بشریٰ نے شہرت بھی کمائی اور دولت بھی، لیکن انھیں یہ دونوں چیزیں راس نہیں آئیں۔ اقبال نے ان کا جینا مشکل کر دیا تھا، بالآخر دولت کی ہوس نے رشتوں کو نگل لیا۔ بشریٰ کے پاس اقبال سے چھٹکارا حاصل کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا۔ دونوں بیٹیوں نریمان اور میرا کو وہ بیاہ چکی تھیں۔ چنانچہ ایک طویل رفاقت کے بعد 64 سالہ بشریٰ نے اپنا راستہ ہمیشہ کے لئے الگ کر لیا اور اقبال انصاری کو چھوڑ کر اقبال حسین سے شادی رچالی۔

