شوبز کے شوہر جو بیگم کےلئے خود کھانا بناتے ہیں

پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں کئی ایسی خواتین ہیں جنہیں کوکنگ کا بہت شوق ہے، لیکن انڈسٹری میں ایسے کئی دل والے شوبز شوہر بھی ہیں جو خود اپنی بیگم کو کھانے بنا بنا کر کھلاتے ہیں۔
اداکار افضل خان نے شروع سے ہی اپنی لاڈلی بیگم صاحبہ کو پلکوں پر بٹھا کر رکھا ہے، ویسے تو صاحبہ بھی بہت اچھا کھانا بناتی ہیں لیکن ان کی محبت میں شوہر کچھ ایسے دیوانے ہیں کہ کبھی کبھی تو ناشتہ بھی خود ہی بناتے ہیں دعوتوں میں بھی زیادہ تر وہی کھانا بناتے ہیں اور اگر کھانا نہ بھی بنائیں تو بیگم کی مدد ضرور کرتے ہیں تا کہ صاحبہ پر کوئی بوجھ نا پڑے۔
اداکارہ سعدیہ امام کے شوہر کیوں کہ شیف بھی ہیں اس لئے جب بھی سعدیہ ان کے پاس جرمنی جاتی ہیں تو انکو کھانے پکا پکا کر کھلاتے ہیں۔ وہ پاکستان بھی آئیں تو ناشتے اور کھانے خود ہی بناتے ہیں، سعدیہ کو بھی اپنے شوہر کے ہاتھ کے کھانے بہت پسند ہیں کیوں کہ وہ کانٹی نینٹل کھانوں کے بھی ایکسپرٹ ہیں۔
یاسر حسین اور اقراء عزیز کی شادی کے بعد اکثر ان کی سوشل میڈیا پر ایسی پوسٹ آتی ہیں جو ان کی محبت کی کہانیاں سناتی ہیں لیکن حال ہی میں ایک انٹرویو میں یاسر نے بتایا کہ اقراء کو بہت زیادہ کوکنگ نہیں آتی اور وہ اکثر اسے کوکنگ سکھاتے ہیں اور اسے اچھے اچھے کھانے پکا کر کھلاتے بھی ہیں، یاسر کا کہنا ہے کہ اقراء صرف انڈے بنانے کی ماہر ہیں۔
اداکار فیصل قریشی بھی کھانا بنانے کے کافی شوقین ہیں اور جب ان کی بیگم چھوٹے بچے کی دیکھ بھال میں مصروف ہوتی ہیں تو فیصل قریشی ان کےلئے گھر کے سارے کام خوشی خوشی کرتے ہیں، نہ صرف کھانا بناتے ہیں بلکہ ان کی پسند کی چیزیں بھی بناتے ہیں، وہ بہترین چکن کڑاہی بناتے ہیں اور ان کی بیگم ان کی کوکونگ سے کافی خوش ہیں۔
