عمران خان نے فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل کر دی

شوکاز نوٹس کا بروقت جواب نہ دینے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں عمران خان کی جانب سے فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کا نوٹیفکیشن شیئر کیا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ’یہ نوٹس پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر آپ کو 26 اکتوبر جاری کردہ شوکاز نوٹس کے حوالے سے جاری کیا جارہا ہے، آپ نے مقررہ مدت کے اندر نوٹس کا جواب نہیں دیا اس لیے پارٹی سے آپ کی رکنیت معطل کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی رہنما فیصل واڈا کو شوکاز نوٹس معروف صحافی ارشد شریف کے قتل اور لانگ مارچ کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے فوری بعد عمران خان کی ہدایت پر جاری کیا گیا تھا۔فیصل واڈا نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ارشد شریف کو قتل کرنے کا منصوبہ پاکستان کے اندر بنایا گیا اور اس کا مقصد پاکستان میں افراتفری پھیلانا اور لاشیں گرانا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون اور موت ہی موت نظر آرہی ہے اور اہم شخصیات سمیت کئی لوگ مارنے کی سازش کی جارہی ہے۔ان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے علی حیدر زیدی نے کہا تھا کہ ‘فیصل واڈا ہمارا لانگ مارچ کو نقصان پہچانے کی کوشش کر رہا ہے، دلچسپ بات ہے کہ تمام چینلز اور پی ٹی وی اس پریس کانفرنس کو دکھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے ان کو لانچ کیا ہے لیکن انہوں نے معقول بات نہیں کی، جب عمران خان سب کو واضح طور پر ہدایات جاری کرچکے ہیں کہ پرامن رہیں تو ان کی پریس کانفرنس کی کیا اہمیت ہے، علی زیدی نے ایک اور ٹوئٹ میں فیصل واڈا کو پارٹی کی جانب سے رکنیت معطل کرنے کے ساتھ ساتھ وضاحت کے لیے دیا گیا شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا۔
شوکاز نوٹس میں فیصل واڈا سے کہا گیا تھا کہ آپ نے پارٹی پالیسی اور ہدایات کے خلاف بیان دے کر نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ نوٹس میں بتایا گیا تھا کہ یہ پارٹی کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس کے نتیجے میں اس نوٹس کے دو دن کے اندر اپنا جواب جمع کرائیں کہ کیوں نہ آپ کی پارٹی رکنیت ختم کردی جائے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر کی جانب سے جاری نوٹس میں مزید کہا گیا تھا کہ جواب جمع کرانے تک پارٹی رکنیت معطل کردی جاتی ہے اور پارٹی کا عہدہ رکھنے یا میڈیا میں پارٹی کی نمائندگی کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔
