بے وفا شوہروں کی خیر نہیں ’چڑیلز‘ ریلیز ہونے والی ہے

آج کل دنیا بھر میں ویب سیریز بنانے کا رجحان تیزی زور پکڑتا جارہا ہے، اس رجحان کا اثر پاکستانی شوبز انڈسٹری پر بھی پڑنا شروع ہوچکا ہے۔ پاکستانی ہدایت کار عاسم عباسی کی ویب سیریز ‘چڑیلز’ 11 اگست کو ریلیز ہوگی۔
گزشتہ دنوں ہدایت کار عاصم عباس نے اپنی ویب سیریز ‘چڑیلز’ کا پہلا پوسٹر جاری کیا تھا جس کے بعد مداحوں کو اس کا بے صبری سے انتظار تھا۔
عام طور پر پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں خواتین کو کمزور کرداروں میں دکھایا جاتا ہے، تاہم پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز ’چڑیلز‘ میں خواتین کو قدرے منفرد کرداروں میں دکھایا جائے گا۔ ہدایت کار عاصم عباسی کی ویب سیریز ’چڑیلز‘ دراصل ایسی چار شادی شدہ خواتین کی کہانی ہے جو اپنے شوہروں کی بے وفائی کے بعد جاسوس بن جاتی ہیں۔
ویب سیریز ‘چڑیلز’ کی کہانی 4 خواتین کے گرد گھومتی ہے جو کہ دھوکہ دہی میں ملوث شوہروں کو بے نقاب کرنے کےلیے ایک خفیہ جاسوس ایجنسی کھولتی ہیں۔ جس میں وہ اپنی جیسی دوسری عورتوں کی زندگی بچانے کےلیے کام کرتی ہیں اور بیویوں سے دھوکہ کرنے والے شوہروں کو بے نقاب کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
’چڑیلز‘ اگرچہ بیویوں سے بے وفائی کرنے والے شوہروں کو بے نقاب کرنے کےلیے جاسوس بن جانے والی خواتین کی کہانی ہے، تاہم جب وہ جاسوس بن جاتی ہیں تو انہیں معاشرے کے کئی مکروہ چہرے دکھائی دیتے ہیں۔ جاسوس بن جانے والی خواتین پھر کم عمری کی شادیوں، بچوں کے ساتھ ناروا سلوک، زبردستی کی شادیوں، غربت، جرائم، رنگ و نسل کے واقعات اور خودکشی جیسے بھیانک حقائق کا سامنا کرتی ہیں۔
’چڑیلز‘ کے حوالے سے اداکارہ ثروت گیلانی نے بتایا کہ مذکورہ شو دراصل خواتین کی آواز ہے۔ انہوں نے تھرلر شو کے حوالے سے مزید بتایا کہ وہ اس میں ایک شادی شدہ کرمنل وکیل کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ انہوں نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی طور پر وہ اپنے بچوں اور شوہر کی خدمت کےلیے گھریلو خاتون ہوتی ہیں، تاہم جب انہیں اپنے شوہر کی بے وفائی کا پتا چلتا ہے تو وہ جاسوس بن جاتی ہیں۔ ثروت گیلانی کے مطابق ’چڑیلز‘ میں انہیں شادی کے بعد دوبارہ نئی زندگی گزارنے اور مضبوط ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اداکارہ کے مطابق ’چڑیلز‘ میں ان کے کردار کو بہت ہی بولڈ اور طاقتور دکھایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شو میں معاشرے میں رائج خواتین سے متعلق مسائل کو دکھایا گیا ہے اور اسے دیکھنے والے شخص کے ذہن میں سوالات جنم لیتے ہیں کہ معاشرے میں کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے ہدایت کار عاصم عباسی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان کی خوش نصیبی ہے کہ وہ ان کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ ثروت گیلانی کے مطابق ’چڑیلز‘ ذہین، خودمختار، بولڈ اور خوبصورت خواتین کی کہانی ہے اور وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ان خواتین میں سے ایک وہ بھی ہیں۔
خیال رہے کہ ’چڑیلز‘ کی شوٹنگ گزشتہ سال ہی شروع کردی گئی تھی، اس شو کی دیگر مرکزی اداکاراؤں میں نمرا بچہ، یاسرہ رضوی اور مہربانو شامل ہیں۔
’چڑیلز‘ کو آئندہ ماہ 11 اگست کو بھارتی ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے آن لائن چینل زندگی آفیشل پر نشر کیا جائے گا، ابتدائی طور پر شو کی پہلے سیزن کی 10 قسطیں ریلیز کی جائیں گی۔
اس ویب سیریز کو پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز بھی کہا جا رہا ہے۔
