شو بزستاروں ، گلوکاروں کا عمران خان کو "گھبرانا نہیں” کا مشورہ

تحریک انصاف کے اسلام آباد میں آج ہونیوالے جلسے کی حمایت اور اس میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے متعدد شوبز ستاروں نے وزیر اعظم عمران خان کو "گھبرانا نہیں ہے "کا مشورہ دیدیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ تویٹر پر شوبز شخصیات نے وزیر اعظم عمران خان کو اپنی حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی اور لوگوں کو ان کی حمایت کے لیے گھروں سے نکلنے کا مشورہ بھی دیا۔پاکستان کے نامور سپر سٹار شان شاہد نے عمران خان کے ساتھ پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان سے اظہار یکجہتی کیا اور ٹوئٹ کی کہ پاکستان نے آواز بلند کردی کہ انہیں وہ لیڈر چاہیے جو اسے ترقی کی راہ پر آگے لے کر جائے، انہوں نے’آئی اسٹینڈ ود عمران خان‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا اور لکھا کہ ان کے لیڈر کو کوئی بھی پارلیمنٹ سے باہر نہیں لے کر جا سکتا۔ گلوکار عطا اللہ عیسی خیلوی نے بھی وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں ویڈیو جاری کرتے ہوئے مداحوں کو ان کا ساتھ دینے کی اپیل کی اور لوگوں سے کہا کہ وہ پاکستان اور خان کی خاطر گھروں سے نکلیں۔
معروف اداکار شان شاہد گزشتہ دو دن سے وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں ٹوئٹس کرتے دکھائی دے رہے ہیں،اور انہوں نے اپنے مداحوں کو بھی پی ٹی آئی چیئرمین کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے، اسی طرح اداکار بلال قریشی نے بھی انسٹاگرام سٹوری میں 27 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کو ’گھبرانا نہیں ہے‘ کا مشورہ بھی دے ڈالا۔ سینیئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی اپنی مختصر ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان کی حمایت کی اور لکھا کہ انہوں نے اپنے کپتان کو خدا کی امان میں دے دیا۔معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے بھی پی ٹی آئی کے دارالحکومت میں ہونے والے جلسے کے موقع پر خصوصی ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے خود کو غیر سیاسی شخص قرار دیا، تاہم ساتھ ہی عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان بھی کیا اور لوگوں سے بھی ان کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔ان کی ویڈیو کو تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیا گیا، انہوں نے تشہیری ویڈیو میں دو سیاسی خاندانوں کو ملک کی معیشت اور سیاست پر قابض بھی قرار دیا۔
اس کے علاوہ سینئر اداکار فیصل قریشی نے بھی پی ٹی آئی کی حمایت کرنے اور عمران خان کا ساتھ دینے کی تشہیری ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے مداحوں سے اسلام آباد جلسے میں شرکت کرنے کی اپیل کرنے سمیت حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔ سینئر اداکار فرحان علی آغا نے بھی عمران خان اور پی ٹی آئی کی حمایت میں تشہیری ویڈیو جاری کیا، جس میں انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کو ایمان کی جنگ قرار دیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس میں شرکت کرکے حکومت کا ساتھ دیں۔ سینئر اداکار ہمایوں سعید نے بھی عمران خان کی حمایت میں ٹوئٹ کی اور مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بھی ان کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئیں۔ گلوکار سلمان احمد نے بھی پی ٹی آئی اور وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لوگوں سے اسلام آباد جلسے میں شرکت کی اپیل کی۔

Back to top button