شہبازشریف نے حمزہ کو پی پی پی کیخلاف بیان بازی سے روک دیا

شہبازشریف نے حمزہ شہباز کو پی پی پی کیخلاف کسی بھی قسم کی بیان بازی سے روک دیا۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کوٹ لکھپت جیل میں شہبازشریف سے ملاقات کی جو سوا دو گھنٹے جاری رہی، جس میں پی ڈی ایم میں تضادات پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق حمزہ شہباز نے یوسف رضا گیلانی کو ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف بنائے جانے پر مسلم لیگ ن میں پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کیا۔ حمزہ شہباز نے شہباز شریف سے کہا کہ پیپلز پارٹی نے یوسف رضاگیلانی کے معاملے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، پیپلزپارٹی کے اس رویے پر پی ڈی ایم کے اجلاس میں احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہبازشریف نے حمزہ شہباز کو پیپلزپارٹی کے خلاف کسی بھی قسم کی بیان بازی سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ پیپلزپارٹی کے معاملے پر آپ نے کوئی بیان نہیں دینا، یوسف رضا گیلانی کے معاملے پر پی ڈی ایم میں ن لیگ کے سینئر رہنما معاملہ اٹھائیں۔ شہبازشریف نے حمزہ شہباز سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ شہبازشریف نے حمزہ کو بلدیاتی نمائندوں سے رابطوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ فوری طور پر بلدیاتی نمائندوں سے ملاقاتوں اور کنونشنز کا اہتمام کریں، بلدیاتی نمائندے ن لیگ کی اصل قوت ہیں، موجودہ سیاسی صورت حال میں بلدیاتی نمائندوں کو قانونی و سیاسی معاونت فراہم کریں۔
