شہباز شریف بورڈ آف پیس کے اجلاس میں شرکت کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف 19 فروری کو واشنگٹن میں منعقد ہونے والے بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں منعقد ہوگا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے تاہم دورہ امریکا کی حتمی تاریخ اور وفد کے دیگر اراکین سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
صدر ٹرمپ نے 22 جنوری کو ڈیووس میں بورڈ آف پیس کا باضابطہ آغاز کیا تھا جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دستخط کیے تھے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے اس فورم میں نیک نیتی سے شمولیت اختیار کی ہے اور وہ تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
ان کے مطابق پاکستان اس پلیٹ فارم پر تنہا شریک نہیں بلکہ 8 اسلامی اور عرب ممالک کی مشترکہ آواز کے طور پر موجود ہے۔غزہ اور مغربی کنارے کی صورت حال پر 2 مشترکہ بیانات بھی جاری کیے جا چکے ہیں اور اجتماعی موقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل المدتی حل کا حامی ہے جس کی بنیاد سنہ 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر ہو اور مشرقی یروشلم اس کا دارالحکومت ہو۔
