شہباز شریف پیش نہیں ہونگے، نیب ویڈیو کانفرنس پر سوالات کر لے

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کینسر کے مریض ہیں وہ کسی صورت نیب آفس میں پیش نہیں ہوں گے. نیب نے جو سوالات کرنے ہیں وہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پوچھ سکتا ہے.
شہباز شریف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کرونا وائرس کے خطرات کے باعث نیب میں پیش نہیں ہورہے، تاہم انھوں نے کرونا کے باعث دقت کے باوجود پاکستان اور برطانیہ سے معلومات حاصل کرکے اور یادداشت کی بنیاد پر معلومات بمع دستاویزات فراہم کردی گئی ہیں، کوئی مزید معلومات بھی مانگی گئیں تو مہیا کردی جائیں گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ نیب اہلکار مزید سوالات پوچھنا چاہیں تو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پوچھ سکتے ہیں، اس حوالے سے اسکائپ ایڈریس فراہم کردیا گیا ہے۔
ترجمان (ن) لیگ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہبازشریف کینسر سرجری سے گزر چکے ہیں، جس کے نتیجے میں قوت مدافعت کی کمی کے باعث خدانخواستہ کرونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں. انھوں نے واضح کیا کہ شہبازشریف کی نیب کودی گئی درخواست کے ساتھ تمام ڈاکٹرز کے سرٹیفکیٹس بھی منسلک ہیں پہلے بھی درخواست کی تھی کہ موجودہ حالات میں شہباز شریف کی زندگی خطرے میں نہ ڈالی جائے۔ تاہم نیب نیازی گٹھ جوڑ موجودہ حالات میں بھی اپوزیشن کیخلاف برسر پیکار ہے.
واضح رہے کہ نیب نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 17 اپریل کو طلب کیا تھا تاہم انہوں نے تحریری جواب جمع کرادیا تھا اور وہ خود کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔ جس کے بعد نیب نے شہباز شریف کو 22 اپریل کو پھر پیش ہونے کا نوٹس ارسال کیا گیا جس پر بھی شہباز شریف نے پیش ہونے سے معذرت کر لی ہے اب نیب حکام کی طرف سے اپوزیشن لیڈر کو 4 مئی کو طلب کیا گیا ہے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button