شیر افضل مروت کو تحریک انصاف نے شوکاز نوٹس جاری کردیا

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 روز میں وضاحت طلب کرلی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اپنے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس پارٹی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہےکہ آپ کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے پارٹی کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے، بانی تحریک انصاف کے واضح احکامات ہیں کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دیے جائیں۔
شوکاز نوٹس کے مطابق شیر افضل مروت کے کردار سے پارٹی اور ارکان کو ہزیمت اٹھانا پڑی، جس کی وجہ سے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ نوٹس کے مطابق آپ کے بیان سے پارٹی ممبران اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعلقات خراب ہوئے،آپ تین روز کے اندر اندر جواب دیں اور اگر آپ کا جواب اطمینان بخش نہ ہوا تو پارٹی آپ کے خلاف ایکشن لے گی۔
دوسری جانب پارٹی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے ایک بیان میں کہا کہ شیر افضل مروت کو آج شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے اور شیر افضل مروت کا فیصلہ عمران خان نےکرنا ہے۔
یاد رہے کہ شیر افضل مروت اس سے قبل امریکا اور سعودی عرب دونوں پر پی ٹی آئی کی حکومت گرانے کی سازش کرنے کا الزام لگا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ روز قبل شیر افضل مروت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ عمر ایوب اور شبلی فراز نے مجھے بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیا۔
