صبا قمر سپر سٹار عرفان خان کو کیوں نہیں بھول پائیں؟


پاکستانی اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہے کہ بھارتی سپر سٹار عرفان خان کو گزرے دو برس بیت گئے لیکن وہ انہیں اب تک نہیں بھلا پائیں۔ یاد رہے کہ بالی ووڈ میں اداکاری کے جوہر دکھانے اور کئی اعزاز جیتنے والے اداکار عرفان خان اور صبا قمر نے اکٹھے ایک بھارتی فلم ہندی میڈیم میں کام کیا تھا۔ صبا قمر نے بتایا کہ عرفان خان اپنے سین کی بہت زیادہ تیاری نہیں کیا کرتے تھے، جب میں ’’ہندی میڈیم‘‘ کر رہی تھی تو وہ دن آسان نہیں تھے کیونکہ عرفان خان کا اندازِ اداکاری ویسا نہ تھا جس کی مجھے عادت تھی۔ عرفان خان کے مداح اور ان کے ساتھی اداکار انہیں آج بھی یاد کرتے ہیں، صبا قمر بھی انہی مداحوں اور ساتھی اداکاراوں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے 2017 میں ریلیز ہونے والے بالی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں عرفان خان کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا۔
صبا قمر بتاتی ہیں کہ عرفان خان کے ساتھ گزارا ہوا ہر ایک لمحہ یاد گار تھا، وہ غضب کی حسِ مزاح رکھتے تھے اور فلم کے سیٹ پر بھی وہ مذاق کرتے رہتے تھے، عرفان خان کمال کے انسان تھے، زبردست شخصیت کے مالک تھے اور ان سے بہت سیکھنے کا موقع ملا کیوںکہ ان کا کام کرنے کا انداز الگ ہی تھا، ان کا اس طرح دنیا سے چلے جانا بہت افسوسناک ہے۔ اداکارہ کے مطابق ان کی خواہش تھی کہ وہ عرفان خان کے ساتھ کام کریں اور یہ ان کی خوش قسمتی تھی کہ بالی ووڈ میں جو پہلا کام کیا وہ عرفان خان کے ساتھ ہی کیا تھا۔
صبا قمر کے مطابق ابتدا میں تو مجھے ان کے ساتھ کام کرنے میں مشکل پیش آ رہی تھی، کیونکہ اس طرح تو ہم یہاں کام ہی نہیں کرتے، چاہے ٹی وی ہو یا فلم، ہم اپنے مکالموں کی ریہرسل کرتے ہیں۔ لیکن جب مین نے عرفان خان کے ساتھ کام کیا تو انہون نے کہا کہ ’صبا چلو، بس یہ کر لیتے ہیں، وہ کچھ چونک گئیں کہ یہ کیسے کریں گے، مکالمے ادا کرنے کی رفتار کیا ہوگی؟ آواز کا اتار چڑھاؤ کیسا ہوگا؟ یہ سین کیسا ہوگا؟ وہی جو ایک اداکار سوچتا ہے اپنے کام کے بارے میں۔اداکارہ نے بتایا کہ تین دن تک تو مجھے سمجھ ہی میں نہیں آیا، پھر میں سمجھی کہ اداکاری کا یہ سکول تو میں نے کبھی دیکھا ہی نہیں، عرفان خان کے ساتھ کام کرنا بہت دلچسپ اور مزے کا تجربہ تھا، فلم بناتے ہوئے جو دو ماہ دہلی میں عرفان خان کے ساتھ گزرنے ان کی میرے پاس بہت خوبصورت یادیں ہیں۔
صبا قمر نے بتایا کہ عرفان ایک ہی تھے، ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، انہیں عرفان خان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، اور ان کے ساتھ کام کرنا قابلِ فخر ہے، عرفان خان کا اس دنیا سے چلے جانا فلمی صنعت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے اور اسے پورا کرنا مشکل ہے۔

Back to top button