صبا قمر کا جنسی درندے سے شادی نہ کرنے کا فیصلہ


اداکارہ صبا قمرنے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ وہ عظیم خان نامی آسٹریلیا میں مقیم ایک کاروباری شخص سے شادی کرنے والی ہیں، لیکن اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر کئی خواتین نے عظیم خان کے خلاف جنسی ہراسانی اور ’ریپ‘ کے الزامات لگا دیئے۔ چنانچہ اب صبا قمر نے فوری طور پر شادی کرنے کا فیصلہ ترک کردیا ہے۔
صبا قمر نے بلاگر عظیم خان سے تعلق ختم کرنے کا اعلان انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں کیا۔ انہوں نے لکھا کہ مجھے ایک اہم اعلان کرنا ہے اور وہ یہ کہ بہت ساری ذاتی وجوہات کی بنا پر میں نے عظیم خان سے شادی کا فیصلہ منسوخ کردیا ہے، جس کے بعد میں اور عظیم اب شادی نہیں کررہے، امید ہے کہ آپ لوگ بھی میرے فیصلے کی حمایت کریں گے جس طرح آپ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے اور میرا خیال ہے کہ تلخ حقیقتوں کا ادراک کرنے میں دیر نہیں ہوئی۔ انہوں نے لکھا کہ میں ایک اور اہم چیز واضح کردینا چاہتی ہوں کہ میں اپنی زندگی میں عظیم خان سے کبھی نہیں ملی، ہم صرف فون پر ایک دوسرے سے رابطے میں رہے، یہ میرے لیے بہت مشکل وقت ہے لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ یہ گزر جائے گا۔
صبا قمر کی جانب سے عظیم خان سے شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیے جانے کے فوری بعد عظیم پر خواتین نے جنسی ہراسانی اور ’ریپ‘ کے الزامات لگائے اور معاملہ بگڑ گیا۔ کچھ دن قبل اجالا نامی ایک لڑکی نے سوشل میڈیا پر طویل پوسٹ کرتے ہوئے صبا قمر کے نام خط لکھا اور ساتھ ہی صبا قمر کے ساتھ دبئی میں کھچوائی گئی اپنی تصویر بھی شیئر کی۔ اجالا نامی لڑکی نے طویل پوسٹ میں لکھا کہ وہ ان متعدد لڑکیوں میں سے ایک ہیں، جنہیں عظیم خان نے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا اور اب انہیں ’ریپ‘ اور ’قتل‘ کی دھمکیاں تک دی جا رہی ہیں۔ اجالا نامی لڑکی کے مطابق عظیم خان خواتین کی عزت نہیں کرتے اور انہوں نے متعدد لڑکیوں کو ہراسانی کا نشانہ بنایا اور صبا قمر کو کوئی فیصلہ کرنے سے قبل آنکھیں کھول کر اس شخص کا کردار دیکھنا چاہیے۔ ’ہراسانی اور ریپ‘ جیسے الزامات کے بعد عظیم خان نے انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو میں الزامات کو مسترد کرتے ہوئے تمام الزامات کو غلط قرار دیا، تاہم بعد ازاں انہوں نے ویڈیو ڈیلیٹ کردی تھی۔ عظیم خان کی جانب سے صفائی پیش کرنے کی ویڈیو پر ہی صبا قمر نے کمنٹ کیا تھا کہ انہیں عظیم خان پر یقین ہے۔ تاہم مذکورہ معاملے کے بعد اب صبا قمر نے عظیم خان سے فوری طور پر شادی کرنے کے فیصلے کو مؤخر کردیا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے اداکارہ اور ماڈل صبا قمر نے عظیم کی جانب سے شادی کی پیشکش پر ہاں کی تھی، انسٹاگرام پر صبا قمر نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ اگر یہ ہونا ہے تو ہو جائے گا، صبا قمر کی پوسٹ پر بلاگر عظیم نے انہیں شادی کی پیشکش کرتے ہوئے لکھا آؤ اس سال شادی کرلیتے ہیں، شادی کی پیشکش پر صبا قمر نے لکھا تھا قبول ہے، ساتھ ہی صبا نے رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے محبت کا نشان دل بھی بنا ڈالا۔ صبا قمر نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہی ہیں اور ان کا جیون ساتھی وہی سوشل میڈیا صارف ہے جس کو انہوں نے قبول ہے کہا تھا، صبا قمر نے کہا کہ مجھے وہ شخص مل گیا ہے جس کے ساتھ اب مجھے گھر بسانا چاہیے، میں ہمیشہ سے شادی کے خلاف تھی لیکن اس نے مجھے شادی کےلیے قائل کرلیا، ہم بہت جلد شادی کرلیں گے۔
ساتھ ہی صبا قمر نے بتایا تھا کہ عظیم خان کراچی سے تعلق رکھتے ہیں مگر اس وقت کاروبار کے سلسلے میں آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں رہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button