صبا قمر کا سیاستدانوں کا مذاق اڑانے پراظہار ندامت

معروف اداکارہ صبا قمر نے ماضی میں جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے پروگرام ‘ہم سب امید سے ہیں’ میں مسلسل کئی برس سیاست دانوں کا مذاق اڑانے پر اظہار ندامت کیا ہے اور معافی بھی مانگی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ مزاحیہ رئیلٹی شو ’’ہم سب امید سے ہیں‘‘ میں کم عمری اور ناسمجھی کے باعث سیاستدانوں کا مذاق اڑاتی رہیں، تب انہیں ملکی سیاست کا زیادہ علم نہیں تھا۔
یاد رہے کہ ’’ہم سب اُمید سے ہیں‘‘ جیو ٹی وی پر نشر ہونے والا مزاحیہ شو تھا جو کئی سال تک چلتا رہا، صبا قمر سے قبل کئی اداکاراؤں نے اس شو کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے تھے لیکن صبا قمر نے کم از کم شو کی 200 اقساط کی میزبانی کی تھی۔ ہم سب اُمید سے ہیں میں سیاستدانوں کے ڈمی کردار بنا کر ان کے انداز کی نقل کی جاتی تھی، شو میں صبا قمر کی جانب سے متعدد سیاستدانوں کی نقل اتارنے کو پسند کیا جاتا تھا مگر اب اداکارہ و میزبان نے اعتراف کیا ہے کہ ’ہم سب امید سے ہیں‘ میں کم عمری اور نا سمجھی میں ایسا کیا۔
صبا قمر نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ انہیں اداکاری کی سمجھ پہلی بالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں کام کرنے کے بعد آئی، ان کے مطابق ’ہندی میڈیم‘ میں کام کرنے سے قبل وہ کچھ اور تھیں اور اس میں کام کرنے کے بعد وہ کچھ اور بن گئی ہیں۔
صبا نے بتایا کہ بالی ووڈ فلم میں عرفان خان کے ہمراہ کام کرنے کے بعد انہیں اداکاری کی سمجھ آنے سمیت دیگر چیزوں کی بھی سمجھ آئی اور وہ مزید میچوئر ہو گئیں، صبا قمر نے عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بھی بات کی اور بتایا کہ وہ حیران رہ گئیں کہ عرفان خان شوٹنگ کے وقت کوئی تیاری کیے بغیر ہی کام کرتے تھے۔
ایک سوال پر صبا قمر نے بتایا کہ انہیں مرد ساتھی اداکاروں میں سب سے زیادہ نعمان اعجاز کے ساتھ کام کرنے میں مزہ آیا، لیکن عرفان خان کے ہندی میڈیم میں کام کرنے کے بعد میری زندگی ہی تبدیل ہوگئی۔
صبا قمر نے نعمان اعجاز کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ دراصل وہ ذہنی طور پر ابھی بھی ایک بچے کی طرح ہیں، وہ بولتے وقت اس بات کا خیال نہیں کرتے کہ وہ کیا بول رہے ہیں اور لوگ ان کی بات کو سمجھ پائیں گے یا نہیں؟ اداکارہ کے مطابق نعمان اعجاز اپنے شو میں بہت ساری ایسی باتیں کہہ جاتے ہیں جو انہیں نہیں کہنی ہوتیں اور پھر بعد میں وضاحت کرتے ہیں کہ ان کا مطلب وہ نہیں تھا جو لوگوں نے سمجھا، اداکارہ نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ اب اگر انہیں ’ہم سب امید سے ہیں‘ کی میزبانی کی پیش کش کی جائے تو وہ اسے نہیں نبھا سکیں گی۔
کیونکہ اب ان میں سمجھ آ چکی ہے اور وہ سیاسی حوالے سے بھی میچوئر ہو چکی ہیں، ان کے مطابق اس وقت جب وہ ہم سب اُمید سے ہیں کرتی تھیں، تب وہ نا سمجھ اور کم عمر تھیں، اس لیے بے خبری میں ایسا کیا، اداکارہ نے اعتراف کیا کہ تب شو میں وہ جن سیاستدانوں کا مذاق اڑاتی تھیں، اگر وہ ان کے سامنے آجاتے تھے تو وہ ان سے چھپ جاتی تھیں مگر اب وہ نہ تو ایسا شو کریں گی اور نہ ہی کسی کا ماضی کی طرح سیاسی مذاق اڑائیں گی۔
