صبا قمر کے خیال میں ہر اداکار کو رومانوی کیوں ہونا چاہئیے؟

مختلف تنازعات کا شکار رہنے والی بے باک اور ورسٹائل اداکارہ صبا قمر نے انٹرویوز دینے سے گریز کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ ٹی وی پر سنسر شپ بہت زیادہ ہے، میری بولڈ اور بے باک گفتگو کو آن ائیر کرنا کسی بھی چینل کے بس کی بات نہیں۔ اداکارہ کی جانب سے کم انٹرویوز دیے جانے کی وجہ سے ہی بہت زیادہ لوگ ان سے متعلق بہت ساری باتیں نہیں جانتے اور ان کے حوالے سے افواہیں بھی پھیلتی رہتی ہیں۔

حال ہی میں صبا قمر نے ایک انٹرویو میں اس حوالے سے بات کی کہ وہ زیادہ تر انٹرویوز کیوں نہیں دیتیں۔ صبا قمر نے شو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے خیال میں ہر فنکار کو رومانوی ہونا چاہیے، کیوں کہ اگر فنکار رومانوی نہیں ہوگا تو وہ نہ صرف اچھی اداکاری سے محروم ہوگا بلکہ وہ کسی مداح سے پیار حاصل کرنے اور کسی کو محبت دینے سے بھی محروم رہے گا۔ صبا قمر نے سوشل میڈیا پر اپنی 5 سال پرانی تصاویر اور حالیہ تصاویر میں فرق کے حوالے سے کہا کہ ہر گزرتے وقت کے ساتھ انسان بہت کچھ سیکھتا ہے، اس لیے ماضی میں ان کی تصاویر سے جو شوخی اور بچکانہ تصور دکھتا تھا اب وہ نہیں نظر آتا۔
انہوں نے کہا کہ انسان کو ایک سفر بھی تبدیل کردیتا ہے، عام طور پر جو شخص کسی جگہ گھومنے جاتا ہے تو اس کی سوچیں کچھ اور ہوتی ہیں اور واپسی پر وہ تبدیل ہو چکا ہوتا ہے۔

پروگرام کے ایک سیگمنٹ نے انہوں نے اداکارہ مہوش حیات، بلال اشرف اور سرمد کھوسٹ سمیت دیگر اداکاروں سے فون پر مشورہ مانگا کہ اگر انہیں کسی فلم کے کردار کےلیے اپنے سر کے بال منڈوانے پڑیں تو کیا وہ بالوں کی قربانی دے دیں؟ صبا قمر کے سوال پر بلال اشرف نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ آج کل میک اپ کے ذریعے مصنوعی گنجا بھی بنایا جاتا ہے، اس لیے وہ اس ٹیکنالوجی کا استعمال کریں جب کہ سرمد کھوسٹ نے اداکارہ کو تجویز دی کہ وہ کردار کےلیے بالوں کی قربانی دے دیں۔ مہوش حیات نے بھی اداکارہ کو کہا کہ اگر وہ قربانی دینا چاہتی ہیں تو دے دیں اور ساتھ ہی کہا کہ ایسا فیصلہ بہادری کا فیصلہ ہوگا۔

پروگرام کے دوران صبا قمر نے بالی ووڈ کے مرحوم اداکار عرفان خان کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا اور آج بھی ان کی بہت ساری باتیں انہیں یاد آتی ہیں۔ صبا قمر نے بتایا کہ عرفان خان کے ساتھ فلم ’ہندی میڈیم‘ کی شوٹنگ کے موقع پر ایک عید انہوں نے بھارت میں گزاری تھی اور عید پر انہوں نے عرفان خان سے عیدی مانگی تھی تو انہوں نے اداکارہ کو عیدی دی تھی، جسے آج بھی اداکارہ نے سنبھال کر رکھا ہے۔ اپنی خوبصورتی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں صبا قمر نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ ان کی خوبصورتی کا راز ’بس ذرا سا‘ ہے اور ساتھ ہی کہا کہ دراصل خوبصورتی دیکھنے والے کی آنکھ میں ہوتی ہے، اس لیے وہ دوسروں کو خوبصورت لگتی ہیں۔
میڈیا کو زیادہ انٹرویوز نہ دینے کے جواب میں صبا قمر نے بتایا کہ ان کی شروع سے ہی انٹرویوز دینے کی عادت نہیں ہے، کیوں کہ میڈیا میں سینسرشپ بہت ہے، اس لیے انہوں نے مداحوں سے سچی باتیں کرنے کےلیے اپنا یوٹیوب چینل کھولا، جس پر وہ مداحوں سے ذاتی زندگی کی باتیں بھی آزادی سے کرتی ہیں۔

Back to top button