صدرِ مملکت کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ،شرکا میں اسنادتقسیم

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 27ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ میں پارلیمنٹ کے ارکان، سینئر سول و عسکری حکام، اور تعلیمی و سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق صدر مملکت نے ورکشاپ کی کامیاب تکمیل پر شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور قومی سلامتی کے موضوعات سے متعلق ان کی دلچسپی اور محنت کو سراہا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ ملک میں ادارہ جاتی مکالمے کو فروغ دینے والے اہم پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے، جس کے ذریعے پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجوں سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ ورکشاپ نہ صرف قومی سطح پر مکالمے کو وسعت دیتی ہے بلکہ اداروں کی صلاحیت میں اضافہ اور قومی سلامتی کے لیے مضبوط حکمتِ عملی کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
تقریب کے موقع پر صدر مملکت نے باخبر قیادت، قومی اتحاد اور مربوط پالیسی سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فارغ التحصیل شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔
