صنم جاوید کی گرفتاری غیر قانونی قرار، رہائی کی درخواست نمٹا دی گئی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی رہنما صنم جاوید کی گرفتاری غیرقانونی قرار دے کررہائی کی درخواست نمٹادی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں صنم جاوید کی رہائی کےلیے ان کےوالد کی درخواست پرسماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور صنم جاوید کےوالد کےوکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق عدالت کےسامنے پیش ہوئے۔دوران سماعت صنم جاوید کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔
اٹارنی جنرل نے عدالت میں بیان دیاکہ صنم جاوید کومزید کسی مقدمے میں گرفتار نہیں کیاجائے گا، صنم جاوید اب آزاد ہیں، وہ اپنے صوبے میں جا سکتی ہیں۔
اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےریمارکس دیےکہ میں نےانٹرنیٹ پر دیکھا ہےکہ صنم جاوید بہت نامناسب زبان استعمال کرتی ہیں،انہوں نے درخواست گزار کےوکیل سےاستفسار کیا کہ آپ گارنٹی دیتے ہیں کہ صنم جاوید مزید نامناسب گفتگو نہیں کریں گی؟ وکیل میاں علی اشفاق نےکہا کہ جی صنم جاوید آئندہ نامناسب الفاظ استعمال نہیں کریں گی۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے صنم جاوید کی گرفتاری غیر قانونی قرار دےکر رہائی کی درخواست نمٹادی۔
