ضمنی الیکشن: تحریک انصاف کو شکست، نوشہرہ،ڈسکہ اور وزیر آباد میں ن لیگ کامیاب

19فروری کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے نوشہرہ، ڈسکہ اور وزیرآباد کی تینوں سیٹیں جیت لی ہیں اور تحریک انصاف کو شکست دے دی ہے جبکہ کرم کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 45 کی نشست پی ٹی آئی نے جیت لی ہے.
یاد رہے کہ ڈسکہ اور وزیر آباد کی نشستیں نواز لیگ کے امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھیں جس کے بعد ڈسکہ میں وفات پانے والے افتخارالحسن شاہ کی بیٹی سیدہ نوشین افتخار جبکہ وزیر آباد میں وفات پانے والےشوکت منظور چیمہ کی اہلیہ بیگم طلعت محمود نے مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا تھا اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کو شکست دے کر اپنی سیٹیں واضح اکثریت سے جیت لی ہیں. ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کو بڑے اپ سیٹ کا سامنا نوشہرہ میں کرنا پڑا ہے جہاں مسلم لیگ ن نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی جیتی ہوئی سیٹ اپنے نام کرلی ہے جبکہ کرم میں قومی اسمبلی کی این 45 کی نشست پی ٹی آئی نے جیت لی ہے.
19 فروری کوقومی اور صوبائی اسمبلی کے دو، دوحلقوں پرضمنی الیکشن کیلئے پولنگ ہوئی۔
این اے 75سیالکوٹ، این اے 45کرم ، پی پی 51 گوجرانوالہ اور پی کے 63 نوشہرہ میں پولنگ ہوئی۔بعض پولنگ اسٹیشن پر عملہ دیر سے پہنچنے کے باعث پولنگ تاخیر کا شکار رہی،کہیں کورونا ایس اوپیزپرسختی سے عمل نظرآیا توکہیں اسے نظراندازکیاگیا، بزرگ ووٹرزبھی پولنگ اسٹیشن پہنچے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے تمام 360 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی سیدہ نوشین افتخار1لاکھ 58ہزار791ووٹ لے کرپہلے نمبر پر رہیں جبکہ پی ٹی آئی کے علی اسجد خان ملہی 1لاکھ 42 ہزار 311 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 75 سیالکوٹ میں 360 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔صبح ہوتے ہی پولنگ اسٹیشوں کے باہر ووٹرزکی آمد شروع ہوگئی اوروقت گذرنے کے ساتھ ساتھ قطاریں لگ گئیں حلقہ میں ووٹرز کی کل تعداد4لاکھ 4ہزار3 ہے۔ یہاں مسلم لیگ ن کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کےحلقہ پی کے 63 نوشہرہ کے تمام 102 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی 21 ہزار 208 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر آئے جبکہ پی ٹی آئی کے میاں عمر 17 ہزار 97 ووٹ حاصل کیے۔ حتمی نتیجے الیکشن کمیشن جاری کرے گا۔پی کے 63 نوشہرہ میں 102پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ پولنگ اسٹیشن 44 پر پولنگ تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوئی، پریزائیڈنگ افسر کے مطابق عملے کے دیر سے پہنچنے کے باعث تاخیرہوئی۔نوشہرہ میں ایس اوپیزپربھی سختی سے عمل نظرآیا۔ یہ نشست سابق صوبائی وزیرمیاں جمشید الدین کاکاخیل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51 وزیر آباد میں ضمنی انتخاب کے 61 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی بیگم طلعت محمود 53903ووٹ لے کر پہلے نمبر پررہیں جبکہ تحریک انصاف کے چوہدری یوسف 48484ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔اس طرح مسلم لیگ ن نے نوشہرہ کے بعد وزیرآباد میں بھی کامیابی حاصل کر لی ہے۔حلقہ پی پی 51 کی نشست ن لیگ کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ یہ حلقہ وزیرآباد شہر، سوہدرہ اوردیگردیہاتی علاقوں پرمشتمل ہے۔یہاں کل ووٹرزکی تعداد2 لاکھ 53 ہزار 949 ہے جبکہ 162پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ہوئی۔
دوسری طرف تحریک انصاف بھی ایک نشست جیتنے میں کامیاب رہی۔ تحریک انصاف ن لیگ کے ہاتھوں 3 نشستوں پر شکست کھانے کے بعد قومی اسمبلی کی نشست این اے 45 کرم پر فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ حلقہ این اے 45 کرم کے تمام 134 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 15 ہزار 800 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔
جبکہ آزاد امیدوار سید جمال 12648 زائد ووٹ حاصل کر سکے۔ این اے 45 ضلع کرم کی نشست جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ تاہم پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار جے یو آئی ف کے ملک جمیل خان نشست ناصرف جیتنے میں ناکام رہے، بلکہ وہ دوسری پوزیشن بھی حاصل نہ کر سکے۔ این اے 45 ضلع کرم کی نشست جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ یہاں مجموعی طور پر 27 امیدوار میدان میں ہیں۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار 931 ہے جن میں خواتین ووٹرز کی تعداد 70 ہزار 485 ہے۔ حلقے میں 134 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button