ضمنی انتخابات:ایل اے 12 ، ایل اے 3 میں ووٹوں کی گنتی جاری

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے 2 حلقوں ایل اے 12 کوٹلی اور ایل اے 3 میر پور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا جبکہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوج کو بھی الرٹ کیا گیا تھا۔
آزاد کشمیر میں ہونے والے گزشتہ عام انتخابات میں ایل اے 3 میرپور سے پی ٹی آئی کے بیرسٹر سلطان محمود کامیاب ہوئے تھے تاہم بعد میں وہ آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہوگئے تھے جس کے باعث یہ نشست خالی ہوئی تھی۔
پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری محمد یاسین 2 حلقوں ایل اے 10 اور 12 سے کامیاب ہوئے تھے، انہوں نے ایل اے 12 چھوڑ دی تھی۔
آزاد کشمیر کے حلقے ایل اے 3 میرپور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 85 ہزار سے زائد ہے ، حلقے میں 148 پولنگ سٹیشنز قائم ہیں یہاں اصل مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے یاسر سلطان چوہدری، مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید اور پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اشرف کے مابین ہے۔
آزاد کشمیر کے حلقے ایل اے 12 کوٹلی میں ووٹرز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار سے زائد ہے ، حلقے میں 198 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، جن میں سے 101 پولنگ سٹیشنز حساس ترین اور 36 حساس قرار دیئے گئے ہیں ، پیپلز پارٹی کے عامر یاسین، پی ٹی آئی کے شوکت فرید ایڈووکیٹ اور راجہ ریاست خان کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
