طالبان کا افغان فورسز کیخلاف جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان

افغان طالبان نے امریکا کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کے باوجود افغان فورسز کیخلاف کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے. ترجمان افغان طالبان کا کہنا ہے کہ امریکا سے ہونے والے معاہدے سے قبل جو 7 روزہ عارضی جنگ بندی کی گئی تھی اس کا دورانیہ اب ختم ہوچکا ہے.
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان طالبان کا کہنا ہے کہ امریکا سے ہونے والے معاہدے سے قبل جو 7 روزہ عارضی جنگ بندی کی گئی تھی اس کا دورانیہ اب ختم ہوچکا ہے لہٰذا افغان فورسز کیخلاف اپنی معمول کی کارروائیاں دوبارہ شروع کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ یکم مارچ کے روز افغان صدر اشرف غنی نے کہا تھا کہ وہ طالبان کے ساتھ ہونے والی عارضی جنگ بندی کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک بین الافغان مذاکرات کا آغاز نہیں ہوجاتا جو دوحہ معاہدے کی رو سے 10 مارچ تک ممکنہ طور پر شروع ہونا ہے۔
خیال رہے کہ افغان طالبان کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب افغان حکومت نے طالبان امریکا معاہدے کے مطابق طالبان کے 5 ہزار قیدی رہا کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے جواب میں طالبان نے بھی بین الافغان مذاکرات میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔امریکا اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے معاہدے کی رو سے 10 مارچ 2020 تک افغان حکومت 5 ہزار طالبان قیدیوں اور طالبان ایک ہزار افغان فورسز کے اہلکاروں کو رہا کرنے کے پابند ہیں۔
تاہم اب افغان طالبان نے افغان حکومت کے ساتھ عارضی جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ’پرتشدد کارروائیوں میں کمی کا وقت اب ختم ہوگیا ہے لہٰذا اب ہم اپنی معمول کی کارروائیاں شروع کریں گے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’دوحہ معاہدے کے مطابق ہمارے جنگجو غیر ملکی افواج کو نشانہ نہیں بنائیں گے البتہ افغان فورسز کیخلاف ہماری کارروائیاں جاری رہیں گے‘۔
اس حوالے سے افغان محکمہ دفاع کے ترجمان فواد امان کا کہنا ہے کہ ’حکومت جائزہ لے رہی ہے کہ آیا جنگ بندی ختم ہوگئی ہے یا نہیں کیوںکہ ابھی تک ملک کے کسی بھی حصے سے بڑے حملے کی اطلاع نہیں آئی‘۔
خیال رہے کہ افغان طالبان اور حکومت کے درمیان 22 فروری سے 7 روزہ عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا اور امریکا نے کہا تھا کہ اس دوران اگر طالبان نے معاہدے کی پاسداری کی تو پھر ان سے امن معاہدہ ہوگا جو 29 فروری کو دوحہ میں ہوچکا ہے۔
دوسری طرف افغان صوبے خوست کے فٹبال گراؤنڈ میں بم دھماکے سے 3 شہری ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے ہیں.
صوبائی گورنر طالب خان منگل کے مطابق خوست کے ضلعے نادر شاہ کوٹ میں فٹ بال گراؤنڈ کے دھماکا ہوا جس میں تین اموات ہوچکی ہیں، جب کہ 11 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ترجمان کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں رکھا گیا تھا جسے فٹ بال میدان کے نزدیک روکا گیا۔ ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔
یہ واقعہ دوحہ میں طالبان اور امریکا کے مابین ہونے والے امن معاہدے کے دو دن بعد ہوا ہے۔ اس سے قبل فریقین کی جانب سے ایک ہفتے تھے پُرتشدد کارروائیوں میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button