طبیعت بہتر ہونے پر سنجے دت اسپتال سے ڈسچارج

بالی ووڈ بابا سنجے دت کو 2 دن قبل 8 اگست کو سانس میں تکلیف کے باعث اسپتال داخل کرایا گیا تھا۔ سنجے دت کو ممبئی کے نجی لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ سنجے دت کو ممکنہ طور پر کورونا کی وجہ سے سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم خوش قسمتی سے ان کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے تھے۔ طبیعت خراب ہونے پر اسپتال داخل کیے جانے کے حوالے سے خود سنجے دت نے بھی مداحوں کو ٹوئٹ کے ذریعے آگاہ کیا تھا اور انہوں نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ 2 سے 3 دن میں گھر واپس آجائیں گے۔
ان کے اہل خانہ نے بھی سنجے دت کو کوئی بیماری نہ ہونے یا کورونا کی علامات نہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔ اسپتال میں 2 دن تک زیر علاج رہنے کے بعد اداکار کو 10 اگست کو ڈسچارج کردیا گیا۔
بھارتی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 61 سالہ اداکار کو 10 اگست کی دوپہر کو ہی ڈسچارج کردیا گیا اور وہ خوشگوار موڈ میں ہسپتال سے باہر نکلے۔ اداکار نے اسپتال سے باہر نکلتے وقت فوٹوگرافرز اور صحافیوں کو سلام بھی کیا۔ سنجے دت نے اسپتال سے نکلتے وقت چہرے پر فیس ماسک پہن رکھا تھا اور وہ تنہا ہی اسپتال سے باہر آئے اور گھر چلے گئے۔
سنجے دت نے حال ہی میں 61 ویں سالگرہ منائی تھی اور مستقبل قریب میں وہ سڑک 2، بھوج اور تربوز نامی فلموں میں نظر آئیں گے۔ سڑک 2 ہدایتکار مہیش بھٹ کی نوے کی دہائی کی فلم سڑک کا سیکوئل ہے اور وہ 21 سال بعد کوئی فلم ڈائریکٹ کررہے ہیں۔ سنجے دت کے علاوہ متعدد بالی ووڈ اداکار کورونا کا شکار ہوئے تھے جو کئی دن تک اسپتال میں رہنے کے بعد صحت مند ہوئے۔
کورونا میں مبتلا ہونے والی بالی ووڈ شخصیات میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے اور کرن کمار سمیت دیگر شامل ہیں جو کم از کم 10 دن تک اسپتال میں رہنے کے بعد صحت یاب ہوئیں۔
