طلاق کے بعد عامر خان اور کرن راؤ کی رومانوی تصویر پر مداح حیران
بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ 56 سالہ عامر خان اور فلم پروڈیوسر 47 سالہ کرن راؤ کے درمیان طلاق ہوجانے کے بعد ان کی رومانوی تصویر سامنے آنے پر مداح حیران رہ گئے۔عامر خان اور کرن راؤ نے گزشتہ ہفتے تین جولائی کو طلاق کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ طلاق کے باوجود مشترکہ والدین بن کر زندگی کو آگے بڑھائیں گے اور اپنے 10 سالہ بیٹے آزاد خان کی مل کر پرورش کریں گے۔طلاق کے اعلان کے ایک دن بعد دونوں نے ایک ساتھ ویڈیو میں واضح کیا تھا کہ اگرچہ ان کے درمیان طلاق ہوگئی ہے مگر وہ ساتھی کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔
دونوں نے بتایا تھا کہ وہ فلموں سمیت اپنے فلاحی منصوبوں پر ایک ساتھ کام کرتے رہیں گے جب کہ بیٹے کی پرورش بھی مشترکہ طور پر کریں گے۔
دونوں نے 2005 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2011 میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
طلاق کے ایک اعلان کے ایک ہفتے بعد ہی عامر خان اور کرن راؤ کی ایک ساتھ تصویر سامنے آنے پر مداح حیران رہ گئے اور دونوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
عامر خان کے فلم پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے 9 جولائی کو ان کی آنے والی میگا بجٹ فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ کے دوران کھچوائی گئی تصویر شیئر کی گئی، جس میں مسٹر پرفیکشنسٹ اور کرن راؤ کو خوشگوار موڈ میں ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
مذکورہ تصویر کو پہلے ’لال سنگھ چڈھا‘ کے اداکار ناگا چیتنیا نے اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر شیئر کیا تھا اور بعد ازاں اسی تصویر کو عامر خان پروڈکشن ہاؤس کے انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا گیا۔
تصویر میں کرن راؤ اور عامر خان کو ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے جب کہ تصویر میں ان کے ساتھ اداکار ناگا چیتینا اور ہدایت کار ایڈوت چوہان بھی دکھائی دیے۔
تصویر شیئر کیے جانے کے بعد کئی لوگوں نے حیرانگی کا اظہار کیا اور عامر خان اور کرن راؤ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی طلاق ہوگئی مگر دونوں ‘لِو اِن ریلیشن شپ’ ہیں۔
‘لِو اِن ریلیشن شپ’ بھارت میں قانونی ہے، اس کے تحت کوئی بھی بالغ مرد اور عورت ایک ساتھ شادی کیے بغیر اپنی جنسی ضروریات پوری کرتے ہیں اور وہ ایک دوسرے کی رضامندی کے ساتھ بچے بھی پیدا کرسکتے ہیں، اس معاہدے کے تحت جوڑے کبھی بھی الگ ہوسکتے ہیں اور علیحدگی پر دونوں ایک دوسرے کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کر سکتے۔
لوگ دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر حیران رہ گئے—اسکرین شاٹ
دونوں کو تصویر میں ایک ساتھ دیکھ کر بعض لوگوں نے عامر خان کو پیش کش کی کہ وہ ان کی چھوڑی ہوئی سابق بیویوں سے شادی کریں۔
جہاں لوگوں نے انہیں تصویر میں ایک ساتھ دیکھ کر ان پر تنقید کی، وہیں بعض لوگوں نے ان کی تعریف بھی کی اور ساتھ ہی ان کی آنے والی فلم کے حوالے سے ابھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
لوگوں نے دونوں پر خوب تنقید بھی کی—اسکرین شاٹ
کرن راؤ سابق شوہر عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شریک پروڈیوسر ہیں اور دونوں اس وقت فلم کی شوٹنگ کے لیے ایک ساتھ ہیں۔