طلال چودھری کاعمران خان کی ہسپتال منتقلی کی تصدیق یاتردید سےانکار

وزیرِ مملکت داخلہ طلال چودھری نے  بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کی خبر کی تصدیق یاتردید سے صاف انکار کردیا۔

طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان کو آنکھ کے انفیکشن کے معائنے کے لیے اسلام آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لائے جانے سے متعلق خبر کا ابھی انتظار کیا جائے، اگر یہ خبر درست ہے تو اس کا مطلب ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس انقلاب کے بجائے اب صرف ہمدردی کارڈ رہ گیا ہے، میں ابھی اس خبر کی تصدیق یا تردید کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں کہ عمران خان کو آنکھ کے آپریشن کے لیے پمز لایا گیا، اس حوالے سے جو بھی حقیقت ہوگی، پوری کی پوری بیان کر دی جائے گی۔

وزیرمملکت نے کہا کہ سنسنی پھیلانے کے بجائے انتظار کیا جائے، حکومت خبر کی تصدیق یا تردید کرے گی، عمران خان کی صحت اور زندگی کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ان کے بچوں سے بات نہیں کروائی جاتی، یہ پورا ایک بیانیہ بنایا جاتا ہے، پی ٹی آئی کے باقی سارے بیانیے ناکام ہوچکے ہیں۔

Back to top button