عاطف اسلم اور شے گل کا وائرس کے خلاف اعلان جنگ

معروف گلوکار عاطف اسلم اور پسوڑی گانے سے شہرت حاصل کرنے والی ابھرتی ہوئی گلوکارہ شے گل نے کرونا وائرس کے خلاف ایک گانے کے ذریعے اعلان جنگ کر دیا ہے۔ در حقیقت امریکی سفارت خانے کی جانب سے پاکستانیوں میں کرونا ویکسی نیشن کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لیے اس گانے کا سہارا لیا گیا ہے، گانے میں لوگوں کو یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کرونا اب بھی خطرناک شکل میں موجود ہے۔
عاطف اسلم اور شے گِل کا گانا ’منزل‘ ریلیز کر دیا گیا، جسے کافی سراہا جا رہا ہے، ’’منزل‘‘ میں پہلی بار شے گِل نے عاطف اسلم کے ساتھ آواز کا جادو جگایا ہے، اس سے قبل انہوں نے علی سیٹھی کے ہمراہ کوک اسٹوڈیو 14 میں ’پسوڑی‘ کے ساتھ ڈیبیو کیا تھا۔ شے گِل اور علی سیٹھی کے ’پسوڑی‘ کو بہت سراہا گیا تھا اور اسے تاحال عالمی سطح پر مقبولیت حاصل ہے، یہ کوک سٹوڈیو سیزن 14 کا یوٹیوب پر سب سے زیادہ سنا جانے والا گانا بھی بنا تھا۔
’پسوڑی‘ کو نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی شہرت حاصل ہوئی اور وہاں کے فنکار بھی شے گِل کے گانے پر رقص کرتے دکھائی دیئے۔ ’منزل‘ میں جہاں شے گِل اور عاطف اسلم نے آواز کا جادو جگایا ہے، وہیں اسے معروف فلم ساز سرمد کھوسٹ نے عکس بند کیا ہے، جس میں کرونا ویکسی نیشن سے متعلق شعور اُجاگر کیا گیا ہے۔ گانے کو پاکستان میں موجود امریکی سفارت خانے نے دیگر تنظیموں کے ہمراہ پروڈیوس کر کے اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کیا، جسے ابتدائی 24 گھنٹوں میں ہزاروں بار دیکھا جا چکا ہے۔
یاد رہے کہ اپنے گلوکاری کے سفر اور کوک سٹوڈیو تک پہنچے کے بارے میں بات کرتے ہوئے شے گل نے بتایا تھا کہ ’میں اور میری ایک دوست یونیورسٹی ہاسٹل میں رہتے تھے جہاں سے گانے کا آغاز ہوا۔ وہ بتاتی ہیں کہ انھیں گنگنانے کی عادت تھی اور ہاسٹل میں فارغ اوقات میں وہ اکثر اپنی دوست کے کمرے میں موجود رہتی تھیں۔ ایک دن ہم ہاسٹل میں بور ہو رہے تھے تو شغل کے لیے ہم نے انسٹاگرام پر گانے کی ویڈیو اپلوڈ کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ شے گل انسٹاگرام پیج شروع کرنے کا خیال بھی اُن کی دوست کا تھا اور اس وقت یہ سب فقط تفریح کے لیے تھا۔ شے گل نےانسٹاگرام پیج مئی 2019 میں شروع کیا تھا اور اب اس کو شروع ہوئے دو سال سے زائد ہو چکے ہیں۔
شے گل نے بتایا کہ ابتدا میں میں پیج پر گانے کی ویڈیو صرف اس وقت پوسٹ کرتی تھی جب میرے لیے آسانی ہوتی تھی یا گانے کا دل ہوتا تھا۔ اکثر لوگ یہ شکایت کرتے تھے کہ آپ اتنی دیر بعد ویڈیو کیوں لگاتی ہیں۔ شے گل کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر بہت وائرل ہوئی ہے جس میں ان کا پسوڑی کی ویڈیو کو پہلی مرتبہ دیکھنے پر ردعمل دیکھا جا سکتا ہے۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے شے گل کا کہنا تھا کہ لوگوں کو لگ رہا ہے کہ وہ میرے گھر والے ہیں لیکن وہ میری سب سے اچھی دوست ایمان ہے، اور ساتھ اس کا بھائی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’شے گل انسٹاگرام پیج میں نے اور میری دوست ایمان نے اکٹھا شروع کیا تھا اور میں نے یہ سوچ رکھا تھا کہ میں پسوڑی کی ویڈیو ایمان کے ساتھ دیکھوں گی۔
