عاطف اسلم چھوٹی سکرین پر کام کرنے کیلئے تیار

شہرت یافتہ گلوکار و اداکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ اگر انہیں اچھا اسکرپٹ ملا تو وہ ضرور چھوٹی اسکرین پر کام کریں گے۔عاطف اسلم نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ان سے متعلق خبریں ہیں کہ وہ جلد ہی چھوٹی اسکرین پر بھی دکھائی دیں گے۔ٹی وی ڈیبیو کرنے کے حوالےسے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ’بی بی سی‘ کو بتایا کہ ان کے مداح انہیں چھوٹی اسکرین پر بھی دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ اچھی کہانی ملنے پر ضرور ڈراموں میں کام کریں گے۔

انہوں نے چھوٹی اسکرین پر جلوے دکھانے کی اپنی خبروں سے متعلق کہا کہ انہوں نے بھی خود سے متعلق افواہیں سن رکھی ہیں مگر فوری طور پر ایسا سچ ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔گلوکار نے واضح کیا کہ اگر انہیں اچھی کہانی اور کردار دیا گیا تو وہ ضرور چھوٹی اسکرین پر کام کریں گے، تاہم ساتھ ہی کہا کہ مداح انہیں جلد ٹی وی پر دیکھنے کی امید نہ رکھیں۔انٹرویو میں عاطف اسلم نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ رواں سال ماہرہ خان کے ساتھ ایک گانے میں دکھائی دیں گے اور دونوں ایک دہائی بعد اسکرین پر رومانس کریں گے۔

اس سے قبل دونوں نے ’بول‘ نامی فلم میں ایک ساتھ کام کیا تھا اور ان کی جوڑی کو بہت سراہا گیا تھا جبکہ عاطف اسلم نے بھی ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کو خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے انہیں سنجیدہ اور اچھی اداکارہ قرار دیا۔انٹرویو میں عاطف اسلم نے بولی وڈ کیریئر پر بھی کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ وہ نئے پروڈیوسرز و گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے سے نہیں گھبراتے بلکہ وہ ایسے لوگوں کے ساتھ کام کرکے تجربات کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ کیریئر کے 17 سال بعد بھی وہ تجربات کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے حال ہی میں ویلو میوزک اسٹیشن کے ذریعے ماضی کے مقبول گانے ’کدی تے ہنس بول کو‘ نئے انداز میں گاکر نئی نسل کی توجہ حاصل کرنے سمیت شوکت علی صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Back to top button