عالمی بینک کی پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالر کی ہنگامی امداد کی منظوری

عالمی بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے، مراکز صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور سماجی و اقتصادی کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر پاکستان کےلیے 20 کروڑ ڈالر کی ہنگامی امداد کی منظوری دیدی۔
علاوہ ازیں طبی امدادی سامان اور متعلقہ سامان کی اشد ضرورت کےلیے موجودہ 8 منصوبوں کےلیے اضافی 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اضافی رقم بھی حاصل ہوجائے گی۔پاکستان کےلیے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ایلنگو پٹچاموتو نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان اور اس کے عوام کو کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مدد فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امدادی پیکج کے ذریعے پاکستان وائرس سے متعلقہ تمام معاملات کی بہترنگرانی کےلیے خرچ کرسکتا ہے اور رقم غریبوں اور کمزور لوگوں کو کی مدد کےلیے منتقل کرسکتا ہے۔کنٹری ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ اس آزمائشی وقت میں موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کےلیے ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ شراکت جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ وائرس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
اس سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر معاشی سرگرمیوں میں سست روی کی وجہ سے مارچ میں 200 ارب روپے کے محصولات کا نقصان ہوا ہے۔ ایف بی آر نے خبردار کیا تھا کہ اگر تجارتی سرگرمیاں شروع نہیں ہوئیں تو آئندہ مہینوں میں مزید نقصان کا اندیشہ ہے۔
صوبائی اعداد و شمار کے مطابق ایف بی آر نے مارچ میں 325 ارب روپے کے محصولات جمع کیے جب کہ ہدف 525 تھا اس طرح 200 ارب روپے کا نقصان ریکارڈ کیا گیا۔
