عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور 15 دن میں شادی کرینگے
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ اگلے 15 روز کے اندر رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے، دونوں کے درمیان 2017 کے بعد تعلقات کی چہ مگوئیاں شروع ہوئیں اور ان افواہوں میں 2018 میں دپیکا پڈوکون کی شادی کے بعد تیزی آئی۔
دپیکا پڈوکون کی شادی کے بعد رنبیر کپور کی عالیہ بھٹ سے شادی سے متعلق متعدد بار خبریں پھیلیں اورابتدائی طور پر 2019 میں خبریں آئیں کہ دونوں جلد رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے تاہم ایسا نہ ہوسکا لیکن بعد ازاں متعدد شوبز شخصیات نے یہ عندیہ تک دیا تھا کہ دونوں 2020 میں شادی کرلیں گے لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔پچھلے سال بھی متعدد شوبز شخصیات نے کہا تھا کہ دونوں 2021 کے اختتام تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔
تاہم مسلسل چند سال سے ان کی شادی مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوتی رہی اور دونوں نے کبھی اس معاملے پر کھل کر کوئی بات بھی نہیں کی لیکن حال ہی میں رنبیر کپور نے پہلی بار بتایا تھا کہ وہ عالیہ بھٹ سے شادی کرنے جا رہے ہیں مگر انہوں نے شادی کی تاریخ نہیں بتائی تھی۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ اپریل کے دوسرے ہفتے میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔رپورٹ میں جوڑے کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شادی کی تقریب میں دونوں کے قریبی رشتے دار اور دوست شرکت کریں گے۔