عامر خان نے پروڈیوسر کو 51 ہزار روپے کیوں واپس کیے؟

بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے فلم ’’صاحبزادے‘‘ کا سکرپٹ پڑھا تو فلم کرنے کی حامی بھرلی اور ایڈوانس میں 51 ہزار روپے کی رقم بھی مل گئی لیکن جب کلائمکس پڑھا تو ان کا ماتھا ٹھنک گیا، انہیں اچھی طرح ذہن نشین تھا کہ جو کلائمکس انہیں بتایا گیا تھا وہ ان کے سامنے رکھے اس سکرپٹ کے برعکس تھا۔ یہی وجہ ہے کہ عامر خان کو غصہ بھی آیا کہ ان سے کس قدر غلط بیانی کی جا رہی ہے۔عامر خان کو یہ فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ کی زبردست کامیابی کے کچھ عرصے بعد ملی تھی جس میں ان کے ساتھ چنکی پانڈے بھی شامل تھے جبکہ ہیروئن کے طور پر نیلم کو منتخب کیا گیا تھا۔اب عامر خان کا نام ’صاحبزادے‘ سے جڑا تو تقسیم کاروں نے اسے ہاتھوں ہاتھ ہی لینا تھا۔ عامر خان نے ہدایت کار اجے کشپ سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ کلائمکس تو سرے سے ہے ہی نہیں جو ان کو فلم منتخب کرتے ہوئے بتایا گیا۔ اجے کشپ کا کہنا تھا کہ پروڈیوسر اور انہوں نے مل کر اس میں معمولی تبدیلی کی ہے۔عامر خان اب اس مرحلے پر اڑ ہی گئے جن کا موقف تھا کہ وہ صرف اسی صورت میں اس فلم میں کام کریں گے، اگر کلائمکس وہی ہو جو ان کے علم میں ابتدا سے تھا۔ بصورت دیگر وہ فلم سے الگ ہو رہے ہیں یہی بات پروڈیوسر کو جلال میں لے آئی۔ پہلے تو انہوں نے عامر خان سے دوستانہ انداز میں فیصلہ بدلنے پر زور دیا اور اس میں ناکامی ہوئی تو ان کا مطالبہ تھا کہ عامر خان فلمی معاہدے پر دستخط کے وقت ادا کی گئی 51 ہزار روپے کی رقم واپس کریں۔عام طور پر اداکار پابند ہوتا ہے کہ وہ فلمی معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے وصول کی جانے والی رقم مختلف صورتوں میں واپس کرے لیکن بیشتر پروڈیوسرز یہ بھی کرتے ہیں کہ اگر متعلقہ فلم پر کام نہیں ہوتا۔ اسی عرصے میں کچھ مہینوں بعد کسی اور فلم کا اعلان کرتے ہوئے اس اداکار کو فلم کا حصہ بنا لیتے ہیں۔ اب یہ اداکار کا بھی خیر سگالی فیصلہ ہوتا ہے کہ وہ فلمی معاہدے پر دستخط کی رقم نہیں لیتا۔عامر خان کے ’سپر سٹار رویے‘ نے پروڈیوسر کے کے تلوار کی انا پر چوٹ ماری تھی۔ اسی لیے پروڈیوسر نے اب عامر خان کے خلاف درخواستیں انڈین موشن پکچر پروڈیوسرز ایسوسی ایشن اور پروڈیوسرز گلڈ میں جمع کرا دیں، مانا کہ عامر خان ایک بڑے فلمی خاندان سے تعلق رکھتے تھے لیکن ان دو ایسوسی ایشن کا جھکاؤ فلم ’صاحبزادے‘ کے پروڈیوسر کے کے تلوار کی جانب ہی تھا۔ کئی ہفتوں تک چلنے والی اس جنگ میں ہار عامر خان کی ہی ہوئی جنہوں نے دل پر پتھر رکھ کر 51 ہزار روپے کی رقم واپس کر دی۔یہ بھی عجیب اتفاق ہے کہ عامر خان ’صاحبزادے‘ سے الگ ہوئے تو کچھ عرصے بعد چنکی پانڈے کو بھی فلم سے الگ کر دیا گیا، عامر خان کی جگہ سنجے دت آگئے تو چنکی پانڈے والا کردار ادتیہ پنجولی نے ادا کیا۔ فلم کی تکمیل میں لگ بھگ تین سے چار سال لگے۔ فلم 1992 میں نمائش پذیر ہوئی تو بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی۔

Back to top button