عثمان بزدار کی اہلیہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی اہلیہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا ہے کہ کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کی اہلیہ نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی اہلیہ کی طبعیت بہتر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر اہلخانہ کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

اس سے پہلے بھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور ان کے اہلخانہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا ان کی ملاقات وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ اکثر رہتی ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب کا کرونا مثبت آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا جو منفی آیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے دو قریبی افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد حکام نے عثمان بزدار کو خصوصی احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کے ساتھ سفر کرنے والے تمام افراد کے بھی کرونا ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کروناوائرس  کے باعث مزید 79 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ملک بھرمیں کرونا کے باعث اموات کی مجموعی تعداد 24 ہزار 266 ہو گئی۔

نیشنل کماند اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 619 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں کروناکے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 89 ہزار 913 ہو گئی۔این سی او سی  کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 59 ہزار 504 کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 7.76 فیصد رہی۔

سندھ میں کرونا کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 7 ہزار 892، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 50 ہزار 708، پنجاب میں تین لاکھ 69 ہزار 358، اسلام آباد میں 92 ہزار 768، بلوچستان میں 31 ہزار 396، آزاد کشمیر میں 28 ہزار 654 اور گلگت بلتستان میں 9 ہزار 137 ہو گئی ہے۔

Back to top button