عثمان بزدار کے استعفے پر وسیم اکرم کیوں ٹرینڈ کرنے لگے؟


وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپنا اقتدار بچانے کے لئے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی قربانی دیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر وسیم اکرم ٹرینڈ کر رہے ہیں جس پر وہ خود بھی حیران ہیں۔ کئی سوشل میڈیا صارفین نے بزدار کی فراغت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ موصوف نے پنجاب کے عوام کے لئے کیا تو کچھ بھی نہیں لیکن انہیں ایک دلچسپ اور معصوم کرکٹر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اسلام آباد اور لاہور میں اس وقت سیاسی پارہ عروج پر ہے، اور بزدار کے استعفیٰ نے اس میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اس دوران سوشل میڈیا پر ’’وسیم اکرم پلس‘‘ ٹرینڈ کرنے لگا ہے جس پر خود سابق کرکٹر بھی حیران ہیں۔ ایک ٹوئیٹ میں انہوں نے لکھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میں سوشل میڈیا پر کیوں ٹرینڈ کر رہا ہوں؟ یاد رہے کہ ماضی میں وزیراعظم کی جانب سے اپنا موازنہ عثمان بزدار کے ساتھ کیے جانے پر وسیم اکرم نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ بزدار کی چھٹی ہونے کے بعد لوگ سوشل میڈیا پر وزیر اعظم سے سوال کر رہے ہیں کہ انہوں نے پنجاب کے ڈاکو کو وزیر اعلی بنانے کے لیے اپنے وسیم اکرم پلس کو کیوں فارغ کر دیا جبکہ وہ خود کہا کرتے تھے کہ بزدار نے پنجاب کا نقشہ بدل دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے حامی بزدار کی تبدیلی کو اچھا فیصلہ قرار دے رہے ہیں جبکہ مخالف دھڑے کے لوگ عمران کو ’کسی بھی صورت وزیراعلی نہ بدلنے‘ کے بیانات یاد دلا رہے ہیں۔
تاہم اس دوران سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان کی متعارف کردہ اصطلاح ’وسیم اکرم پلس‘ ٹرینڈ کر رہی یے جس کے ساتھ عثمان بزدار وسیم اکرم والے کرکٹ یونیفارم میں دکھائی دیتے ہیں۔ خود کو سوشل میڈیا پر ٹرینڈبگ میں دیکھ کر سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے علم نہیں میں کیوں ٹرینڈ کر رہا ہوں، ساتھ ہی انہوں نے اظہار حیرت والی ایموجی بھی لگائی۔
یاد رہے کہ عمران کی جانب سے 2019 میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ’’وسیم اکرم پلس‘‘ کا لقب دیا تھا، ایسا کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر وسیم اکرم اور انضمام الحق کی صورت جن کھلاڑیوں کو منتخب کیا وہ بعد میں سپر سٹار بنے، اب عثمان بزدار کو منتخب کرنے کا ان کا فیصلہ بھی ایسا ہی ہے اور انشاءاللہ وہ بھی مستقبل کے سپر سٹار ثابت ہوں گے۔ وسیم اکرم کی جانب سے اپنا نام ٹرینڈ کرتا دیکھ کر حیرت کا اظہار ہوا تو کئی صارفین نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہاں آپ کا نہیں بلکہ کپتان کے ’’وسیم اکرم پلس‘‘ عثمان بزدار کا ذکر کیا جا رہا ہے۔
اس سے پہلے جہاں ٹی وی چینلز پر عثمان بزدار کے استعفے کی خبر چھا گئی، وہیں ٹوئٹر پر بھی ان کا نام ٹرینڈ کرنے لگا اور لوگوں نے طرح طرح کے تبصرے کیے۔
خیبرپختونخوا کی رکن اسمبلی مومنہ باسط نے بزدار کے استعفیٰ پر ان کی تعریفیں کرتے ہوئے ایک سچا کارکن قرار دیا، مومنہ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ بزدار نے اپنے کپتان کی کپتانی برقرار رکھنے کے لیے اپنی قربانی دی ہے۔ ایک صارف نے بزدار کی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ عثمان بزدار آپ کی خدمات کا شکریہ، ایک اعر مداح نے بھی بزدار کی پرانی تصویر شیئر کی، جس میں انہیں چارپائی پر اداس حالت میں بیٹھا دیکھا جا سکتا ہے، ساتھ ہی لکھا کہ ’یہ سب کچھ ہمارے لیے بھی تکلیف دہ ہے‘۔
ایک خاتون نے عثمان بزدار کا سکیچ شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور لکھا کہ وہ انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے، جہاں لوگوں نے عثمان بزدار کی خدمات کی تعریفیں کیں، وہیں لوگوں نے ان پر میمز بھی بنائے اور ایک مداح نے کرکٹ کٹ میں ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’گلیاں بادشاہ کو کبھی نہیں بھلائیں گی۔
بعض لوگوں نے عثمان بزدار کی جانب سے اسمبلی فلور پر پڑھی گئی شاعری کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہیں ہمیشہ یاد رکھنے کی ٹوئٹس بھی کیں، کچھ صارفین نے عثمان بزدار کو وزیراعظم عمران خان کا ’ٹرمپ کارڈ‘ بھی قرار دیا۔ بعض لوگوں نے بزدار کی جانب سے عمران کو بچانے کے لیے استعفیٰ دینے پر ان کی تعریفیں کیں، ایک مداح نے ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگرچہ انکل بزدار انہیں بطور وزیر اعلیٰ پسند نہیں تھی مگر آج عمران کے لیے قربانی دے کر انہوں نے لاکھوں لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے عثمان بزدار اور پرویز الٰہی کی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بزدار وہیں جائیں گے، جہاں سے آئے تھے اور پرویز نئے وزیراعلیٰ بنیں گے۔ بعض ٹوئٹر صارفین نے عمران اور بزدار کی تصاویر پر میمز بھی بنائیں، کچھ لوگوں نے لکھا کہ بزدار نے پنجاب کے عوام کے لئے کیا تو کچھ بھی نہیں لیکن انہیں ایک دلچسپ کیرکٹر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Back to top button